حیدرآباد۔گاندھی ہاسپٹل کو دوبارہ صرف کورونا مریضوں کیلئے مخصوص کرنے پر غور کیا جا رہاہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے ضرورت پڑنے پر گاندھی ہاسپٹل کو کورونا مریضوں کیلئے مخصوص کرنے اقدامات کئے جائیں گے ۔ ڈائرکٹر محکمہ صحت ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے بتایا کہ محکمہ صحت کورونا وائرس کے بڑھتے مریضوں کی تعداد کا جائزہ لینے کے ساتھ خانگی دواخانو ںمیں بستروں کی موجودگی کا بھی جائزہ لے رہا ہے اور ضرورت پڑنے پر گاندھی ہاسپٹل کے تمام بسترو ںکو دوبارہ کورونا مریضوں کے علاج کیلئے مخصوص کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت مریضوں کی تعداد اور خانگی دواخانوں میں زیر علاج مریضوںکا جائزہ لینے کے علاوہ جن لوگوں میں علامات پائے جا رہے ہیں ان کی حقیقی تعداد کے متعلق معلومات حاصل کرنے کے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے اور اندرون ایک ہفتہ اگر ریاست بالخصوص شہر حیدرآباد میں کورونا مریضوں کیلئے مخصوص دواخانہ کی ضرورت محسوس ہوتی ہے تو گاندھی ہاسپٹل کو کورونا مریضوں کیلئے مختص کردیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کو محکمہ صحت سے مطلع کیا جاچکا ہے اور واقف کروایا جاچکا ہے کہ جس رفتار سے کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے اسے دیکھتے ہوئے شہر حیدرآباد میں عثمانیہ دواخانہ ‘ نمس ہاسپٹل‘ کنگ کوٹھی ہاسپٹل‘ تلنگاہن انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کے علاوہ گاندھی ہاسپٹل میں جہاں کورونا وائرس کے وارڈس موجود ہیں اور قرنطینہ کے مراکز بھی ہیں ان دواخانوں میں حسب معمول علاج و معالجہ کے ساتھ گاندھی ہاسپٹل کو وبائی صورتحال میں جس طرح سے کورونا مریضوں کیلئے مختص کیا گیا ہے دوبارہ اسی دواخانہ کو کورونا وائرس کے مخصوص کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے۔