گاندھی ہاسپٹل کے ڈاکٹر پر حملہ ، 2 افراد گرفتار

,

   

ڈاکٹرس کا دوسرے دن بھی احتجاج ،سیکوریٹی کی فراہمی کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 10 جون (سیاست نیوز) چلکل گوڑہ پولیس نے گاندھی ہاسپٹل میں کل رات پیش آئے ڈاکٹر پر حملہ کے واقعہ میں ملوث دو افراد کو گرفتار کر لیا۔ بتایاجاتا ہے کہ علاقہ ٹپہ چبوترہ سے تعلق رکھنے والے 55 سالہ کووڈ۔19 کے مریض کی ایمرجنسی وارڈ میں موت ہونے کے بعد اس کے برہم رشتہ داروں نے ڈیوٹی پرموجود ایک ڈاکٹر وکاس ریڈی پر حملہ کر دیا تھا اور دوا خانے میں توڑ پھوڑ بھی کی تھی۔ پولیس چلکل گوڑہ نے ڈاکٹرکی شکایت پر متوفی مریض کے بیٹے عبدالعمر اور ایک رشتہ دار مرزا اکبر علی کے خلاف مقدمہ درج کر تے ہوئے انہیںگرفتارکرلیا۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے کہا کہ ڈاکٹرس پر حملہ کر نے والے افراد کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ گاندھی ہاسپٹل کے ڈاکٹرس نے دوسرے دن بھی حملہ کے خلاف اپنا احتجاج جاری رکھا اور انہیں موثرسیکوریٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔