گجرات اسمبلی الیکشن کی تاریخوں کا اعلان‘ یکم اور 5 دسمبر کو پولنگ

,

   

ہماچل پردیش انتخابات کیساتھ 8 دسمبر کو نتائج کا اعلان‘چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کی پریس کانفرنس

نئی دہلی: چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے گجرات اسمبلی انتخابات کے شیڈول کا آج اعلان کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابات دو مرحلوں میں ہوں گے۔ ووٹنگ یکم اور 5 دسمبر کو ہوگی۔ ساتھ ہی، ہماچل پردیش انتخابات کے ساتھ ہی 8 دسمبر کو نتائج جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار گجرات انتخابات میں 4.9 کروڑ ووٹر ہیں۔ پولنگ اسٹیشن کی کل تعداد 51 ہزار سے زائد ہے۔ جبکہ 3,24,422 نئے ووٹرز اس بار پہلی بار ووٹ ڈالیں گے۔ پولنگ اسٹیشنوں کی کل تعداد 51,782 ہے۔چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے مزید بتایا کہ ریاست میں قائم کم از کم 50 فیصد پولنگ اسٹیشنوں پر ویب کاسٹنگ کا انتظام ہوگا۔ اس کے علاوہ 142 ماڈل پولنگ اسٹیشن ہوں گے۔ 1274 پولنگ اسٹیشن ایسے ہوں گے جن میں صرف خواتین تعینات ہوں گی۔ اس بار شپنگ کنٹینرز کو پول بوتھ کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ گجرات انتخابات میں دیویانگ کا بھی خیال رکھا جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ گجرات انتخابات میں معذور افراد کے لیے 182 پولنگ اسٹیشن بنائے جائیں گے۔موجودہ صورتحال کے بارے میں بات کریں تو بھوپیندر پٹیل بی جے پی سے گجرات کے وزیر اعلیٰ ہیں۔ بی جے پی کے ریاستی صدر سی آر پاٹل پہلے ہی اشارہ دے چکے ہیں کہ ریاست میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ بی جے پی کے علاوہ کانگریس اور عام آدمی پارٹی بھی میدان میں ہیں۔ دہلی کے وزیر اعلی اور عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال جمعہ کو گجرات کے دورے پر ہیں۔ ایسے میں توقع ہے کہ عام آدمی پارٹی اپنے وزیر اعلیٰ کے چہرے کا اعلان کرے گی۔ایسا مانا جا رہا ہے کہ اس بار گجرات الیکشن کی لڑائی دلچسپ ہوگی۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ گجرات میں 2017 میں بی جے پی اور کانگریس کے درمیان سیدھا مقابلہ تھا، لیکن اس بار عآپ بھی اس لڑائی میں شامل ہے۔ 2017 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے 99 سیٹیں جیتی تھیں، جب کہ کانگریس کو 77 سیٹیں ملی تھیں۔