ریاست میں اب تبدیلی آئے گی ۔ عام آدمی پارٹی صدر اروند کجریوال کی احمد آباد میں پریس کانفرنس
احمد آباد:گجرات میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کو لے کر سیاسی سرگرمیاں ابھی سے تیز ہو گئی ہیں۔ پیر کے روز عام آدمی پارٹی (عاپ) کے صدر و چیف منسٹر دہلی اروند کیجریوال نے اعلان کیا ہے کہ 2022 میں آدمی پارٹی‘ گجرات میں ہونے والا اسمبلی الیکشن میں حصہ لے گی۔ احمد آباد میں پریس کانفرنس کے دوران اروند کیجریوال نے یہ اعلان کیا۔ اس دوران کیجریوال نے یہ بھی کہا کہ ’’ہمارے امیدوار سبھی سیٹوں پر الیکشن لڑیں گے۔‘‘اس سے قبل پیر کو اپنے گجرات دورہ سے پہلے اتوار کو اروند کیجریوال نے گجراتی زبان میں ٹوئٹ کیا تھا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ’’ریاست میں اب بدلاو ہوگا یعنی تبدیلی آئے گی۔ عوام کے پاس اب تک کوئی متبادل نہیں تھا ۔میں کل گجرات آ رہا ہوں اور ریاست کے لوگوں سے ملوں گا۔‘‘ بہر حال، آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیجریوال نے 2022 میں گجرات کی سبھی 182 سیٹوں پر پارٹی کے امیدوار اتارنے کا وعدہ کیا۔ کجریوال نے گجرات کے ایک نئے ماڈل کا بھی وعدہ کیا اور کہا کہ دہلی ماڈل الگ ہے اور گجرات کا ایک الگ ماڈل ہوگا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ عام آدمی پارٹی گجرات کے لوگوں کے مسائل پر سیاست کرے گی۔ جاریہ سال دوسری مرتبہ اروند کجریوال نے گجرات کا دورہ کیا ہے۔ سمجھا جاتا ہے کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست میں عام آدمی پارٹی کو وسعت دینے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے قومی اور گجرات کے قائدین کا یہ دعویٰ ہے کہ گجرات کے عوام ریاست میں عام آدمی پارٹی کو بی جے پی کی متبادل کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ کجریوال کا کہنا ہے کہ گجرات کے عوام بی جے پی اور کانگریس کے درمیان دوستی کے باعث مشکلات کا شکار ہیں۔ بی جے پی گزشتہ 27 برسوں سے گجرات میں برسر اقتدار ہے۔ کجریوال نے ریاست میں عام آدمی پارٹی کے آفس کا افتتاح بھی کیا۔