احمدآباد ۔ 5 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) گجرات کانگریس کے ارکان اسمبلی الپیش ٹھاکر اور دھاول سنہہ زالا آج ریاستی اسمبلی سے مستعفی ہوگئے ۔ راجیہ سبھا کی دو نشستوں کیلئے ضمنی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے بعد انھوں نے استعفیٰ دیا ہے ۔ الپیش ٹھاکر نے کہاکہ میں نے راہول گاندھی پر بھروسہ کرکے کانگریس میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا تھا لیکن بدقسمتی کی بات ہے کہ اب راہول گاندھی ہی ہمارے ساتھ نہیں رہے ۔ کانگریس پارٹی سے تعلق رکھنے والے لوگ ہماری اور ہمارے عوام کی توہین کررہے ہیں ۔ یہ لوگ بار بار گجرات کی عوام کا مذاق اُڑا رہے ہیں۔ گجرات میں دو راجیہ سبھا نشستوں کے لیے ضمنی چنائو کے سلسلہ میں ووٹنگ آج صبح گاندھی نگر میں واقع اسمبلی کامپلکس میں شروع ہوئی۔ بی جے پی نے وزیر امور خارجہ ایس جئے شنکر اور او بی سی لیڈر جوگلاجی ٹھاکر کو امیدوار بنایا ہے جبکہ کانگریس نے چندریکا چڈاسما اور گورو پانڈیا کو نامزد کیا ہے۔ الپیش نے کہا کہ انہیں کانگریس میں رہتے ہوئے ذہنی تنائو کے سوا کچھ نہیں ملا ، اب بوجھ اترگیا ہے۔