گجرات اور کرناٹک میں دو کمسن لڑکیوں کی اسکول میں ہارٹ اٹیک سے موت

   

احمدآباد: گجرات کے احمد آباد کے ایک خانگی اسکول میں 8 سالہ لڑکی گارگی راناپارا اچانک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئی۔ گارگی صبح 8 بجے اسکول پہنچی تھی، لیکن سیڑھیاں چڑھتے وقت اسے سینے میں اچانک درد ہوا۔ درد کی شدت سے وہ لابی میں بنچ پر بیٹھ گئی اور چند سکنڈ بعد زمین پر گر گئی۔ اسکول اسٹاف نے فوری طور پر اسے ہاسپٹل پہنچایا، لیکن ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق موت کی وجہ کارڈیک اریسٹ بتائی گئی ہے۔ اسکول کی پرنسپل شرمیشٹھا سنہا نے بتایا کہ اسٹاف نے فوری طور پر 108 ایمبولینس کو کال کیا،ایمبولینس کے پہنچنے میں تاخیر ہو رہی تھی،اس لیے گارگی کو اسٹاف کی گاڑی میں زائڈس ہاسپٹل لے جایا گیا۔ تاہم، ڈاکٹر اسے بچا نہ سکے۔ گارگی کے والدین ممبئی میں مقیم ہیں، جبکہ وہ احمد آباد میں اپنے دادا دادی کے ساتھ رہتی تھی۔ پولیس نے واقعے کے بعد اسکول کا سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کیا اور کرائم برانچ نے بھی تحقیقات کی۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ گارگی مکمل طور پر صحت مند تھی اور ابتدائی طور پر موت کی وجہ کارڈیک اریسٹ سمجھی جا رہی ہے۔ حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد معلوم ہوگی۔
کرناٹک میں بھی اسکولی طالبہ کی
اچانک موت
ایسا ہی واقعہ گزشتہ روز کرناٹک کے چامراج نگر ضلع میں پیش آیا، جہاں 8 سالہ لڑکی تیزسونی اپنی کلاس میں ٹیچر کو کاپی دکھانے کیلئے اٹھی اور اچانک بے ہوش ہو کر گر گئی۔ اسکول نے فوراً اسپتال پہنچایا، لیکن ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ یہاں بھی موت کی ممکنہ وجہ کارڈیک اریسٹ بتائی گئی ہے۔