گجرات سرحد کے قریب پاکستانی ڈرون مارگرایا گیا

   

احمدآباد/بھج۔26 فبروری۔( سیاست ڈاٹ کام ) گجرات کے سرحدی کچھ ضلع کے ابڈاسا تعلقہ کے نندھاتڑ گاؤں میں فضائیہ کے موتھالہ کیمپ کے نزدیک آج مبینہ طور پر پاکستان کے ایک مشتبہ ڈرون کو مارگرایا گیا۔فوجی ترجمان سنبت گھوش نے حالانکہ فی الحال اس کی کسی طرح کی اطلاع سے انکار کیا ہے اور کہا ہے کہ اگرایسا کچھ ہوا تو اس سے متعلق سرکاری طور سے بیان جاری کیا جائے گا۔ادھر گاؤں والوں نے بتایا کہ نلیا ائر فورس اسٹیشن کے نزدیک 30 کلومیٹر اور پاکستان سرحد سے 60کلومیٹر دور موتھالہ اپ فضائیہ مرکز کے نزدیک گاؤں والوں نے صبح تقریبا سوا چھ بجے دو تیز دھماکے سنے ۔ جب وہ گاؤں کے باہری علاقے میں پہنچے تو وہاں کیمرے اور دیگر آلات والے کسی چیز کا ملبہ بکھرا ہوا ہے ۔ جائے واقعہ پر پولیس اور دیگر سلامتی فورس کے جوان بھی پہنچ گئے ہیں۔ حادثے ے کی اطلاع ملنے پر جائے واقعہ پر بڑی تعداد میں آس پاس کے لوگ بھی اکٹھے ہوگئے ہیں حالانکہ پولس اور سلامتی فورس جن میں فضائیہ کے جوان بھی تھے ، نے پورے علاقوں کو اپنے حصار میں لے لیا ہے ۔