گجرات میں 24 گھنٹے میں 10 انچ بارش ، سیلاب جیسی صورتحال

   

نشیبی علاقے جھیل میں تبدیل‘کئی مقامات پر بارش کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

جوناگڑھ/گجرات کے کئی علاقوں میں مانسون کی بارش کا قہر جاری ہے ۔ جوناگڑھ میں 24 گھنٹے میں 10 انچ بارش کے بعد صورتحال مزید خراب ہوگئی ہے۔ موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب ہوگئے ہیں۔ پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا ہے جبکہ کھیتوں میں بھی پانی ہی پانی نظر آرہا ہے۔ جوناگڑھ میں شدید بارش کی وجہ سے اوجٹ ندی کا کنارہ ٹوٹ گیا ہے۔ بمنسا کے قریب دریا کا پشتہ ٹوٹ گیا ہے۔ ندی کا پانی کھیتوں میں داخل ہوگیا ہے جس سے مونگ پھلی کے کھیتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ جوناگڑھ کا حسنا پور ڈیم اوور فلو ہوگیا ہے۔ گرنار میں موسلادھار بارش کی وجہ سے ڈیم اوور فلو ہوگیا ہے۔ جس کے باعث نشیبی علاقوں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ جوناگڑھ کے 3 ڈیم پہلی بارش میں ہی اوور فلو ہو گئے ہیں۔سوراشٹر میں موسلادھار بارش کی وجہ سے اوجٹ ندی میں طغیانی ہے۔ ندی کے کنارے واقع دیہاتوں کے کھیت تالاب بن چکے ہیں۔ ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی ڈوب گئی ہے جبکہ فصلوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔گجرات کے تمام 33 اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بعض مقامات پر ہلکی بارش ہو رہی ہے تو بعض مقامات پر بارش نے تمام پرانے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔