گاندھی نگر : گجرات میں کورونا کے مسلسل کم ہوتے کیسز کے درمیان ریاستی حکومت نے آج سے متعلقہ پابندیوں میں کئی طرح کی نرمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، لیکن دکانوں، مال ، ریستوران ، پارلرز اور دیگر کاروباری سرگرمیوں کے منتظمین ، مالکان اور ان کے ملازمین کو لازمی طور پر کورونا ٹیکہ لگوانے کی ہدایت دی ہے ۔ ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ ریاست کے کل 36 شہروں میں نائٹ کرفیو نافذ ہے ۔ آج سے اگلے دو ہفتوں کے لئے ان میں سے نصف یعنی 18 میں اسے ختم کر دیا گیا ہے ۔ یہ شہر ہیں وسنگر ، کڑی ، ڈیسا ، موڈاسا ، رادن پور ، ویراول سومناتھ ، چھوٹا ادھے پور ، ویرام گام ، بوٹاد ، پوربندر ، پالن پور ، ہمت نگر ، امریلی ، سریندر نگر ، داہود ، آنند ، ناڈیاد اور گودھرا ۔ ان شہروں اور دیگرکرفیو سے مبرا علاقوں میں دکانداروں ، مال ، ریستوران ، پارلر اور دیگر کاروباری سرگرمیوں کے منتظمین ، مالکان اور عملہ کو لازمی طور پر 10 جولائی تک لازمی طور پر یہ ٹیکہ لگوانا ہو گا ۔ ویکسین نہ لینے والی اکائیوں کو بند کرایا جائے گا ۔ احمد آباد ، سورت ، وڈودرا ، راجکوٹ سمیت ریاست کی آٹھ میٹروپولیٹن بلدیات اور واپی ، انکلیشور ، والساڈ ، نوساری ، مہیسنا ، بھروچ ، پٹن ، موربی ، بھوج اور گاندھی دھام سمیت کل 18 شہروں میں نائٹ کرفیو سمیت دیگر پابندیاں عائد رہیں گی۔