گجرات میں بارش سے تباہی‘ 26 افراد ہلاک

,

   

کئی بستیاں ڈوب گئیں ‘ مگرمچھ آبادیوں میں آگئے‘آئندہ5دن بارش کا امکان

گاندھی نگر: گجرات میں بارش سے متعلقہ واقعات میں مزید 19 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس طرح تین دنوں میں بارش سے جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 26 ہو گئی ہے۔یہ اموات راجکوٹ، آنند، مہی ساگر، کھیڑا، احمد آباد، موربی، جوناگڑھ اور بھروچ اضلاع سے ہوئی ہیں۔ ایک سرکاری ریلیز میں کہا گیا ہے کہ منگل کو ریاست کے مختلف حصوں میں دیوار گرنے اور ڈوبنے جیسے بارش سے متعلق واقعات میں کم از کم نو افراد ہلاک ہو گئے۔ حکام نے بتایا کہ چہارشنبہ کو مسلسل چوتھے دن بھی ریاست کے کچھ حصوں میں شدید بارش جاری رہی۔ وہیں سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے 17800 افراد کو نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے۔ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ اپنی جانیں گنوانے والوں میں وہ ٹریکٹر ٹرالی پر سوار 7 افراد بھی شامل ہیں جو اتوار کو موربی ضلع میں ایک پل کو عبور کرنے کے دوران بہہ جانے کے بعد لاپتہ ہو گئے تھے۔ عہدیدار نے بتایا کہ ان کی نعشیں نکال لی گئی ہیں۔ وڈودرا میں بارش رکنے کے باوجود شہر میں بہنے والی وشوامتری ندی اپنے کناروں کو توڑ کر رہائشی علاقوں میں داخل ہو گئی جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا اور عمارتیں، سڑکیں اور گاڑیاں زیر آب آ گئیں۔ہندوستانی محکمہ موسمیات نے جمعرات کو سوراشٹر میں واقع اضلاع کے مختلف حصوں میں انتہائی تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ حکام نے بتایا کہ وڈودرا شہر میں گھروں اور چھتوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف)، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) اور فوج کے 3 دستوں نے محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ وزیر رشی کیش پٹیل نے میڈیا والوں کو بتایا کہ وڈودرا میں اب تک 5000 سے زیادہ لوگوں کو نکالا جا چکا ہے اور 1200 کو بچا لیا گیا ہے۔ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کے علاوہ فوج، ہندوستانی فضائیہ اور کوسٹ گارڈ بارش سے تباہ ہونے والے علاقوں میں بچاؤ اور راحت کی کارروائیاں کر رہے ہیں۔ آئندہ پانچ دنوں تک شدید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔