گاندھی نگر :گجرات میں ایسی بارش ہو رہی ہے جیسے پوری ریاست میں سیلاب آگیا ہو۔ گجرات کے بیشتر اضلاع میں سیلاب اور بارشوں نے تباہی مچا رکھی ہے۔ سڑکیں سمندر بن چکی ہیں اور ریاست کے بیشتر ڈیم بھرگئے ہیں۔ آئی ایم ڈی نے گجرات کے 28 اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ اور 6 اضلاع کے لیے آرنج الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگرگجرات میں آنے والے دنوں میں موسلا دھار بارش جاری رہی تو ریاست کے بیشتر اضلاع میں تباہی ہو سکتی ہے۔ کیونکہ دریاؤں سے لے کر ڈیموں تک ہر چیزکنارہ تک بھری ہوئی ہے۔ گجرات میں موسلادھار بارشوں کے باعث مجموعی طور پر 76 آبی ذخائر مکمل طور پر بھرگئے ہیں اور46 آبی ذخائر 70 فیصد سے زائد بھر چکے ہیں، جس کے پیش نظر انتظامیہ نے ان ڈیموں کے اطراف کے علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔ گجرات کا جاندار سردار سروور ڈیم 87 فیصد سے زیادہ پانی سے بھرگیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریاست کے 207 آبی ذخائرکی کل ذخیرہ کرنے کی گنجائش کا 78 فیصد سے زیادہ بھرگیا ہے۔ ریاست میں پانی کی سطح گزشتہ سال 76 فیصد کے مقابلے 78 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔