گجرات میں طوفان وایو کے خطرات سے نمٹنے کیلئے احتیاطی اقدامات

   

Ferty9 Clinic

ساحلی اضلاع میں سخت چوکیس، مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ اور چیف منسٹر روپانی نے انتظامات کا جائزہ لیا
احمدآباد ۔ 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) گجرات کے بعض حصے طاقتور طوفان ’وایو‘ کے اثرات سے نمٹنے کی تیاری کررہے ہیں جو اندیشہ ہیکہ جمعرات کو ٹکرائے گا، جس کے پیش نظر ساحلی علاقوں سے عوام کے انخلاء اور محفوظ مقامات کو منتقلی کے منصوبے بنا لئے گئے ہیں۔ چیف منسٹر وجئے روپانی نے انتظامات کا جائزہ لیا۔ عہدیداروں نے کہا ہیکہ گجرات انتظامیہ اس طوفان سے نمٹنے کیلئے پوری طرح چوکس ہوچکا ہے جو وپراول کے قریب ریاستی ساحل سے ٹکرا سکتا ہے۔ چیف منسٹر وجئے روپانی نے ساحلی علاقوں میں رہنے والے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق طوفان بھنور فی الحال ساحل ویراول سے 630 کیلو میٹر دور ہے اور آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران طوفانی شکل اختیار کرتے ہوئے 13 جون کو ریاستی ساحل سے ٹکرا سکتی ہے۔ عہدیداروں نے کہا ہیکہ اضلاع کچھ، جام نگر، جونا گڑھ، دیوبھومی، دوارکا، پوربندر، راجکوٹ، امریلی، بھاؤنگر اور گیرسومناتھ اس طوفان کی زد میں آ سکتے ہیں۔ اس دوران مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے طوفان ’وایو‘ کی تباہ کاریوں سے گجرات کو محفوظ رکھنے کیلئے کی جانے والی تیاریوں کا جائزہ لیا اور عوام کی ممکنہ حد تک حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے عہدیداروں کو ہدایت کی۔ وزارت امورداخلہ نے گجرات اور مرکزی زیرانتظام علاقوں کیلئے مشاورتی نوٹ جاری کرتے ہوئے تمام ضروری احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔