گجرات میں کانگریس ایم پی کیخلاف دائر مقدمہ خارج

   

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعہ کو کانگریس کے رکن پارلیمنٹ عمران پرتاپ گڑھی کی جانب سے سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر قابل اعتراض ایک نظم پوسٹ کرنے کے معاملے میں گجرات پولیس کی طرف سے جنوری میں ان کے خلاف درج مقدمہ کو منسوخ کر دیا۔یہ فیصلہ جسٹس ابھے ایس اوکا اور جسٹس اجول بھویاں کی بنچ نے سنایا۔بنچ نے کہا کہ ریاست کے دورے کے دوران ایم پی کی طرف سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی نظم “…اے خون کے پیاسے بات سنو…” سے متعلق کیس میں کوئی جرم نہیں بنتا ہے ۔فیصلے کے اقتباسات پڑھتے ہوئے ، بنچ نے کہا کہ پولیس کو ایسے معاملات میں ایف آئی آردرج کرنے سے پہلے تحریری یا بولے گئے الفاظ کے معنی کو سمجھنا چاہیے ۔عدالت عظمیٰ نے کہا کہ تقریر اور اظہار رائے کے حق پر معقول پابندیاں لگائی جا سکتی ہیں لیکن شہریوں کے حقوق کو کچلناغیر معقول اور خیالی نہیں ہونا چاہیے ۔عدالت عظمیٰ نے زور دیا کہ شاعری، ڈرامہ، موسیقی، طنز سمیت فن کی مختلف شکلیں انسانی زندگی کو مزید بامقصد بناتی ہیں اور اس کے ذریعے لوگوں کو اظہار رائے کی آزادی دی جانی چاہیے ۔