گجرات کی مہی ساگر ندی پرگمبھیرا پل گرنے سے 10 ہلاک

   

وڈودرا، 9جولائی (یو این آئی) گجرات میں بدھ کو وڈودرا ضلع کے پڈرا علاقے میں مہی ساگر ندی پر گمبھیرا پل کے اچانک گرنے سے 10 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ چار دیگر زخمی ہو گئے ۔پولیس انسپکٹر وجے چرن نے بتایا کہ وڈودرا-آنند کو جوڑنے والے گمبھیرا پل کا ایک حصہ آج صبح اچانک ٹوٹ ہوگیا جس کی وجہ سے وہاں سے گزرنے والی چار گاڑیاں دریا میں گر گئیں۔ اب تک دریا سے تین افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں اور چار دیگر افراد کو بچا لیا گیا ہے ۔ مرنے والوں کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے ۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر ضروری کارروائی شروع کر دی ہے ۔

گجرات میں پل حادثہ میں اموات پر راہول کا اظہار تعزیت
نئی دہلی، 9 جولائی (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے گجرات میں مہی ساگر ندی پر پل گرنے سے متعدد لوگوں کی موت پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ گجرات کے بڑودہ میں پل گرنے اور گاڑیوں کے ندی میں گرنے سے متعدد لوگوں کی موت کا حادثہ بہت ہی افسوسناک اور تکلیف دہ ہے ۔ میں اس حادثے میں مرنے والوں کے سوگوار خاندانوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاکرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ سے توقع ہے کہ وہ زخمیوں کو اچھا علاج فراہم کرے گی۔
اور تمام متاثرہ خاندانوں کو امداد فراہم کرے گی۔