گجرات کے گورنر مہاراشٹرا کے گورنر کا اضافی عہدہ سنبھالیں گے

   

ممبئی 14 ستمبر (یو این آئی) گجرات کے گورنر آچاریہ دیوورت آج صبح ممبئی بزریعہ تیجس ایکسپریس اپنی اہلیہ کے ہمراہ ممبئ سنٹرل ریلوے اسٹیشن پہنچے ۔ وہ پیر کو مہاراشٹر کے گورنر کے طور پر حلف لیں گے ۔ حلف برداری کی تقریب ممبئی کے راج بھون کے دربار ہال میں صبح 11 بجے منعقد کی جائیگی ۔ ممبئی سنٹرل ریلوے اسٹیشن پہنچنے پر مہاراشٹر کے وزیر اعلی دیویندر فڑنویس اور نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ان کا استقبال کیا۔ گورنر آچاریہ دیوورت جنہیں مہاراشٹر کے گورنر کا اضافی چارج دیا گیا ہے انھیں اسٹیشن پر ریلوے پولیس نے رسمی گارڈ آف آنر دیا۔ گورنر کا استقبال کرنے کے لئے اسکل ڈولپمنٹ کے وزیر منگل پربھات لودھا، چیف سکریٹری راجیش کمار، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس رشمی شکلا، برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر بھوشن گگرانی، اے سی ایس (پروٹوکول) منیشا مہیسکر، ریلوے پولیس کے ڈائریکٹر جنرل پرشانت برودے ، کمشنر آف پولیس، ممبئی دیون بھارتی، گورنر کے ڈپٹی سکریٹری، ڈاکٹر راموتی، اور دیگر نے شرکت کی۔ اور ممبئی کے ضلع کلکٹر آنچل گوئل موجود تھے ۔ ممبئی پولیس کی طرف سے راج بھون میں گورنر کو گارڈ آف آنر بھی دیا گیا۔ سابق گورنر سی پی رادھا کرشنن کے بعد گورنر دیوورت کو مہاراشٹر کا اضافی چارج سونپے جانے کی ذمہ داری دی گئ ہے رادھا کرشنن نے 11 ستمبر کو ہندوستان کے نائب صدر منتخب ہونے پر گورنر کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔66 سالہ، آچاریہ دیوورت 2019 سے گجرات کے گورنر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ایک سابق ماہر تعلیم اور آریہ سماج کے پرچارک، وہ اس سے قبل ہریانہ کے کروکشیتر میں ایک گروکل کے پرنسپل کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ صدر دروپدی مرمو نے انہیں اس ہفتے کے شروع میں باضابطہ طور پر اضافی ذمہ داری کے احکامات جاری کئے تھے ۔