جکارتہ ۔ 14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) گذشتہ سال اکٹوبر میں لائن ایر کا جو طیارہ حادثہ کا شکار ہوا تھا اس کا کاک پٹ وائس ریکارڈر (بلیک باکس) مل گیا ہے۔ انڈونیشیائی حکام نے بتایا کہ بلیک باکس دریافت ہونے کے بعد بالکل نئے طیارہ کے حادثہ کا شکار ہونے کی وجوہات سامنے آئیں گی۔ یاد رہیکہ طیارہ بوئنگ 737 میکس ٹیک آف کے 13 منٹ بعد ہی راڈار سے غائب ہوگیا تھا اور بحیرہ جاوا میں جاگرا تھا جس میں سوار تمام 189 مسافرین ہلاک ہوگئے تھے۔ دریں اثناء انڈونیشیا کے نیشنل ٹرانسپورٹ سیفٹی کمیٹی (NTSC) کے نائب سربراہ ہریوسٹمیکو نے بھی میڈیا سے بات کرتے ہوئے پیر کی صبح حادثہ کا شکار طیارہ کے بلیک باکس دریافت ہونے کی توثیق کی۔