گرفتاری سے بچنے کیلئے کانگریس ترجمان پون کھیراحیدرآباد منتقل

   

حیدرآباد ۔8 ۔ اپریل (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ترجمان پون کھیرا گرفتاری سے بچنے کیلئے حیدرآباد میں قیام کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر آسام ہیمنت بسوا سرما کی اہلیہ کے تین علحدہ پاسپورٹس کی موجودگی کا پون کھیرا نے دستاویزات کے ساتھ انکشاف کیا تھا۔ دیگر ممالک کے تین پاسپورٹ رکھنے سے متعلق الزام کے بعد آسام پولیس نے پون کھیرا کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ نئی دہلی میں ان کی قیامگاہ کی آسام پولیس نے تلاشی لی۔ آسام پولیس کے ہاتھوں گرفتاری سے بچنے کیلئے بتایا جاتا ہے کہ پون کھیرا حیدرآباد منتقل ہوگئے جہاں کانگریس برسر اقتدار ہے۔ حیدرآباد میں انہیں کسی نامعلوم مقام پر قیام کی سہولت فراہم کی گئی اور تلنگانہ پولیس کا پہرا بھی بٹھادیا گیا تاکہ آسام پولیس کو رسائی نہ مل سکے۔ اگر پولیس پہنچتی بھی ہے تو اسے گرفتاری کیلئے مقامی حکام سے اجازت لینی پڑے گی۔ پون کھیرا نے اپنے لوکیشن کو چھپانے کیلئے موبائیل فون کا استعمال بھی ترک کردیا ہے۔ 1/K

پون کھیرا ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے تلنگانہ ہائی کورٹ سے رجوع

حیدرآباد ۔8 ۔ اپریل (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ترجمان پون کھیرا آسام پولیس کی جانب سے درج مقدمہ میں ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے تلنگانہ ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے ۔ آسام پولیس نے پون کھیرا کے خلاف مجرمانہ سازش ، دھوکہ دہی اور توہین سے متعلق دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ چیف منسٹر ہیمنت بسوا سرما کی اہلیہ کے تین علحدہ پاسپورٹ اور بیرونی ممالک میں اثاثہ جات کے الزام کے بعد یہ مقدمہ درج کیا گیا۔ پون کھیرا نے آسام کی عدالت سے رجوع ہونے کے لئے تلنگانہ ہائی کورٹ سے ٹرانزٹ ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست کی ہے۔ جسٹس کے سوجنا کے اجلاس پر جمعرات کو درخواست کی سماعت ہوگی۔ بتایا جاتا ہے کہ آسام پولیس کھیرا کی گرفتاری کیلئے نئی دہلی کے بعد حیدرآباد کا رخ کرسکتی ہے۔ گرفتاری سے بچنے کیلئے پون کھیرا حیدرآباد منتقل ہوگئے اور تلنگانہ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی۔ ٹرانزٹ ضمانت کی منظوری کی صورت میں وہ آسام کی عدالت سے رجوع ہوکر ضمانت حاصل کرسکتے ہیں۔1/K