تحقیقات میں پولیس سے تعاون کرنے اور بیرونی دورہ نہ کرنے کی شرائط، فلمسٹار کی گرفتاری کے ڈرامہ کا خوشگوار اختتام
حیدرآباد ۔13۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے فلمسٹار الو ارجن کو بڑی راحت دیتے ہوئے عبوری ضمانت منظور کردی ہے۔ نامپلی کورٹ نے الو ارجن کو 14 دن کی عدالتی تحویل میں دینے کے احکامات جاری کئے تھے لیکن چند گھنٹوں بعد ہائی کورٹ سے ضمانت پر فلمسٹار اور ان کے حامیوں نے چین کی سانس لی ہے ۔ الو ارجن کی آج صبح گرفتاری کے بعد سے ہی عدالتوں میں سرگرمیاں دیکھی گئیں۔ الو ارجن کے وکلاء نے ہائی کورٹ میں پولیس مقدمہ کو کالعدم کرنے کیلئے درخواست دائر کی تھی لیکن جسٹس سری دیوی نے فوری سماعت سے انکار کیا۔ انہوں نے شام 4 بجے اس معاملہ کی سماعت کا فیصلہ کیا کیونکہ لنچ موشن کے تحت ضمانت کی درخواست دائر کی گئی۔ فلم ’’پشپا 2 ‘‘ کے بینیفٹ شو کے موقع پر آر ٹی سی کراس روڈ پر واقع تھیٹر میں بھگدڑ کے واقعہ کے سلسلہ میں پولیس نے الو ارجن کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا اور انہیں آج گرفتار کیا گیا۔ سندھیا تھیٹر کے روبرو پیش آئی بھگدڑ میں ایک خاتون کی موت واقع ہوئی۔ الو ارجن کی درخواست پر مباحث کے بعد عدالت نے شرائط کے ساتھ عبوری ضمانت کو منظوری دے دی۔ پبلک پراسیکیوٹر نے عجلت میں سماعت کے بجائے پیر کے دن سماعت کی خواہش کی۔ الو ارجن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وہ اپنی ہر فلم کی ریلیز کے موقع پر تھیٹر جاتے ہیں۔ تھیٹر انتظامیہ اور پروڈیوسر نے پولیس کو اطلاع دی تھی۔ الو ارجن رات 9.40 بجے تھیٹر پہنچے اور فرسٹ فلور پر موجود تھے۔ بھگدڑ کے واقعہ میں فوت ہونے والی خاتون گراؤنڈ فلور پر تھی ، لہذا بھگدڑ کے موقع پر الو ارجن موجود نہیں تھے۔ عدالت نے پبلک پراسیکیوٹر سے دریافت کیا کہ مقدمہ کو کالعدم قرار دینے کی درخواست پر کیا ضمانت منظور کی جاسکتی ہے۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ شائقین کی کثیر تعداد کو دیکھ کر الو ارجن وہاں پہنچے تھے۔ انہوں نے کہا کہ الو ارجن کی جانب سے دائر کی گئی پہلی درخواست میں ضمانت کی اپیل شامل نہیں ہے، لہذا درخواست کی فوری سماعت کے بجائے پیر کو پوسٹ کیا جائے۔ الو ارجن کے وکیل نے کہا کہ اطلاع کے باوجود پولیس نے مناسب سیکوریٹی انتظامات نہیں کئے تھے۔ الو ارجن کے وکیل نے مہاراشٹرا حکومت اور ارنب گوسوامی کے درمیان مقدمہ کا حوالہ دیا جس میں عدالت نے ارنب گوسوامی کو ضمانت منظور کی تھی۔ فریقین کی سماعت کے بعد ہائی کورٹ نے عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ریگولر بیل کیلئے نامپلی کورٹ سے رجوع ہونے کا مشورہ دیا ۔ عبوری احکامات جیل سپرنٹنڈنٹ کو روانہ کرنے کی ہدایت دی تاکہ ضروری امور کی تکمیل کے ذریعہ رہائی عمل میں آئے۔ ہائی کورٹ نے الو ارجن کو تحقیقات میں پولیس سے تعاون کرنے کے علاوہ تحقیقات کی تکمیل تک ملک سے باہر نہ جانے کی ہدایت دی۔ الو ارجن کے وکلاء نے پولیس کی جانب سے مقدمہ میں جن دفعات کو شامل کیا گیا، اس کی مخالفت کی۔ 1