حیدرآباد: اقلیتی اقامتی اسکولوں اور جونیئر کالجس میں گرمائی تعطیلات کے دوران ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ آوٹ سورسنگ اسٹاف کی خدمات کو ختم کردیا گیا جس پر آوٹ سورسنگ اسٹاف میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔ حکومت کی جانب سے 27 اپریل تک 31 مئی تعطیلات کے اعلان کے بعد سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی کی جانب سے سرکولر جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ آؤٹ سورسنگ کے تحت کام کرنے والے ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کے علاوہ کنٹراکٹ اسٹاف کی خدمات بھی اس مدت کے دوران ختم کردی جائیں گی۔ ٹیچرس اور جونیئر لکچررس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پانچویں تا ایس ایس سی اور جونیئر کالجس کے طلبہ کو آن لائین ہوم ورک الاٹ کریں۔ جونیئر کالجس کے پرنسپلس اور لکچررس کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ امتحانات کی تیاری کے سلسلہ میں طلبہ سے ربط میں رہیں۔ اسکول اور جونیئر کالجس کے دفاتر تعطیلات کے دوران ایام کار میں کھلے رہیں گے ۔ آؤٹ سورسنگ اسٹاف میں ڈپٹی وارڈن ، ڈی ای او اور سیکوریٹی گارڈ کی خدمات کو برقرار رکھا گیا ہے جبکہ ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کی خدمات معطل رہیں گی۔ کنٹراکٹ کے تحت کام کرنے والے ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کی خدمات تعطیلات کی مدت میں جاری نہیں رہیں گی۔