گرمائی تعطیلات کے بعد تلنگانہ میں اسکولوں کا آج آغاز

   

سرکاری اسکولوں میں انگلش میڈیم تعلیم،مفت کتابیں اور دوپہر کا کھانا: سبیتا اندرا ریڈی
حیدرآباد۔/12 جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں گرمائی تعطیلات کے بعد کل 13 جون سے اسکولوں کی دوبارہ کشادگی عمل میں آئیگی۔ وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تعطیلات میں توسیع نہیں کی جائے گی۔ سرکاری اور خانگی تعلیمی ادارے پیر سے کھل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کو ہدایت دی گئی کہ اسکولوںکی کشادگی کے سلسلہ میں تمام اقدامات کریں۔ سرکاری اسکولوں میں بنیادی انفرااسٹرکچر کی فراہمی پر حکومت نے توجہ مرکوز کی ہے۔ سبیتا اندرا ریڈی نے بتایا کہ ’ میرا گاؤں۔ میرا اسکول ‘ اسکیم کے تحت 9 ہزار سرکاری اسکولوں کو ترقی دینے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ طلبہ کو کسی بھی زحمت کے بغیر تعمیری کام مکمل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے آئندہ تعلیمی سال سے انگلش میڈیم متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلی تا آٹھویں جماعت جاریہ سال سے تمام سرکاری اسکولوں میں انگلش میڈیم تعلیم کا آغاز ہوگا۔ 1.04 لاکھ ٹیچرس کو عظیم پریم جی یونیورسٹی کی نگرانی میں ٹریننگ دی گئی ہے۔ انگلش میڈیم تعلیم سے طلبہ کو دشواری سے بچانے ایک ہفتہ برج کورس کی طرح کلاسیس کا اہتمام کرنے کی ٹیچرس کو ہدایت دی گئی ہے۔ وزیر تعلیم نے بتایا کہ نصابی کتب کی پرنٹنگ کا کام جاری ہے۔ طلبہ کو تلگو اور انگلش میڈیم کی کتابیں فراہم کی جائیں گی۔ تقریباً 1.64 کروڑ کتابیں تقسیم کرنے کا منصوبہ ہے۔ یونیسف نے مفت سربراہی کا پیشکش کیا ہے۔ طلبہ کو دوپہر کا کھانا فراہم کیا جائے گا۔ انگلش میڈیم تعلیم کے آغاز کے سبب والدین کو بچوں پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ سبیتا اندرا ریڈی نے بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا انہوں نے کہا کہ ’ میرا گاؤں۔ میرا اسکول ‘ اسکیم کیلئے مرکز کی جانب سے فنڈز کی فراہمی سے متعلق بنڈی سنجے کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے۔ انہوں نے مرکز سے 2700 کروڑ کی اجرائی کی تفصیلات جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ مرکز نے اگر فنڈ دیا ہے تو بنڈی سنجے بتائیں کہ ریاستی حکومت کہاں سے حاصل کرے۔