گرمی سے بے چین ہوکر چیتہ آبادی میں داخل

   

حیدرآباد۔/15 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں شدید گرمی کی لہر نے نہ صرف انسانوں بلکہ جانوروں کو بھی پریشان کررکھا ہے۔ جنگلات میں زندگی گذارنے والے جنگلی جانور گرمی سے بچاؤ کیلئے بھٹک کر آبادیوں میں داخل ہورہے ہیں جس کے نتیجہ میں انسان اور پالتو جانوروں کی زندگی کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔ ان دنوں عادل آباد کے تمسی منڈل کے گاؤں میں عوام چیتہ کی نقل و حرکت سے خوفزدہ ہیں۔ کسانوں نے کھیتوں میں چیتہ کو گھومتے ہوئے دیکھا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک کسان جب صبح کے وقت اپنے کھیت میں کٹوائی کا کام کررہا تھا تو اس نے اچانک چیتہ کو دیکھا۔ ٹریکٹر کے ڈرائیور نے چیتہ کا ویڈیو بنایا اور شور و غل کیا جس کے نتیجہ میں چیتہ فرار ہوگیا اور گاؤں والے مدد کیلئے جمع ہوگئے۔ پولیس اور محکمہ جنگلات کو اس کی اطلاع دی گئی۔ محکمہ جنگلات نے علاقہ میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ چیتہ کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جاسکے۔ شبہ کیا جارہا ہے کہ چیتہ کے علاوہ بعض دیگر جانور بھی آبادیوں میں بھٹک رہے ہیں۔ کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے کھیتوں میں احتیاط کے ساتھ کام کریں۔ر