تہران ۔ 24 اکٹوبر (ایجنسیز) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بین الاقوامی ایجنسی برائے ایٹمی توانائی (IAEA) کے ڈائریکٹر رافائیل گروسی کے اس بیان پر سخت رد عمل دیا، جس میں گروسی نے اشارہ دیا تھا کہ اگر ایران کے نیوکلیئر پروگرام سے متعلق سفارتی کوششیں ناکام رہیں تو طاقت کے استعمال کا امکان بھی ہے۔عراقچی نے جمعرات کو صحافیوں سے گفتگو میں سوال کیا مجھے نہیں معلوم کہ گروسی نے یہ بات ہماری لیے تشویش میں کہی یا دھمکی کے طور پر۔ عراقچی نے مزید خبردار کرتے ہوئے کہا جو لوگ ایسی دھمکیاں دیتے ہیں، انھیں یہ سمجھنا چاہیے کہ ایک ناکام تجربے کو دہرانا صرف نئی ناکامی کی طرف لے جائے گا۔
اس سے قبل گروسی نے چہارشنبہ کو سوئس اخبار “لو تان” کے ساتھ گفتگو میں ایران کے نیوکلیئر معاملے میں سفارتی ناکامی کے امکانات پر اپنی تشویش ظاہر کی تھی۔ گروسی کا کہنا تھا “اگر سفارت کاری ناکام ہو گئی، تو مجھے خدشہ ہے کہ ایران کے نیوکلیئر مقامات کے خلاف دوبارہ طاقت استعمال ہو سکتی ہے”۔گروسی نے مزید بتایا کہ ایران کے پاس تقریباً دس نیوکلیئر بم بنانے کیلئے کافی ایندھن موجود ہے، تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ایجنسی کے پاس اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ تہران اسلحہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔