گروپ I کی 250 جائیدادوں پر تقررات کیلئے جلد اعلامیہ

   

Ferty9 Clinic

پبلک سرویس کمیشن کی تیاریاں، مختلف محکمہ جات میں 50 ہزار تقررات کیلئے حکومت کی مساعی
حیدرآباد ۔ 11۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے گروپ I کی 250 جائیدادوں کیلئے تقررات کا نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جاسکتا ہے ۔ حکومت نے گروپ I کی 564 جائیدادوں پر تقررات کا عمل کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد دوسرے مرحلہ میں 250 جائیدادوں پر تقررات کا فیصلہ کیا ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ اندرون ایک ہفتہ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا جائے گا ۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ اس سلسلہ میں پبلک سرویس کمیشن کو مکتوب روانہ کریں گے ۔ حکومت کے دو سال کی تکمیل کے موقع پر ریونت ریڈی نے ایک لاکھ جائیدادوں پر تقررات کے نشانہ کی تکمیل کا فیصلہ کیا ہے۔ ابھی تک 60,000 سے زائد جائیدادوں پر تقررات مکمل ہوچکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں مزید 50 ہزار جائیدادوں پر تقررات کو منظوری دی جائے گی ، جن میں 14 ہزار آنگن واڑی ٹیچرس ، آر ٹی سی میں 3500 ورکرس ، محکمہ برقی میں 5400 جونیئر لائین مین ، محکمہ انڈومنٹ میں 1500 ، پولیس کانسٹبلس کی 18,000 جائیدادوں اور ٹیچرس کی 4,000 جائیدادوں پر تقررات کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ گروپ I تقررات میں ہائی کورٹ کی منظوری کے بعد حکومت نے منتخب امیدواروں کو تقررات کے احکامات جاری کردیئے جو مختلف محکمہ جات میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ گروپ امتحانات کے انعقاد کے ذریعہ اہم عہدوں پر مخلوعہ جائیدادوں کو پُر کیا جائے گا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عثمانیہ یونیورسٹی کے دورہ کے موقع پر ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کے تقررات کا تیقن دیا ہے۔ یونیورسٹی کی سطح پر کمیٹی تشکیل دی گئی جو تقررات کی نگرانی کرے گی۔ دو سال کی تکمیل کے موقع پر بیروزگار نوجوانوں کو مطمئن کرنے کیلئے حکومت نے تقررات کے دوسرے مرحلہ کی تیاری کی ہے۔1