34 ہزار 383 امیدواروں کیلئے 46 امتحانی مراکز، چیف سکریٹری شانتی کماری کی عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد۔17 ۔اکٹوبر(سیاست نیوز) چیف سیکریٹری محترمہ شانتی کماری نے ریاست میں 21تا 27اکٹوبر منعقد ہونے والے گروپ Iامتحانات کے انتظامات کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ بغیر کسی ناگہانی واقعہ کے شفاف طریقہ سے امتحانات کے انعقاد کے لئے انتظامات کو مکمل کریں۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ویڈیو کانفرنس سے خطاب کے دوران بتایا کہ 34 ہزار 383 امیدوار جو ان امتحانات میں حصہ لے رہے ہیں ان کے لئے حکومت کی جانب سے خصوصی انتظامات کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان امیدواروں کے لئے شہر حیدرآباد ‘ ضلع رنگاریڈی کے علاوہ ضلع میڑچل۔ملکاجگری میں جملہ 46 مراکز کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ چیف سیکریٹری نے ویڈیو کانفرنس میں مسٹر مہندر ریڈی صدرنشین تلنگانہ پبلک سروس کمیشن ‘ ارکین کمیشن ‘ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس مسٹر جتندرسیکریٹری کمیشن مسٹر نوین نکولاس‘ منیجنگ ڈائریکٹر تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹڈ‘کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے شرکت کی جس میں حیدرآباد‘ رنگاریڈی اور میڑچل ۔ملکا جگری اضلاع کے ضلع کلکٹرس بھی موجود تھے ۔ محترمہ شانتی کماری نے بتایا کہ گروپ I کے ان امتحانات کے لئے سخت صیانتی انتظامات کئے جائیں اور ان امتحانات کی سخت نگرانی کے لئے مختلف محکمہ جاتی عہدیداروں کو ذمہ داری تفویض کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ان امتحانات کے دوران کسی بھی طرح کی بدعنوانیوں کی روک تھام کے لئے خصوصی انتظامات کئے جائیں ۔ چیف سیکریٹری نے بتایاکہ ان امتحانات کی راست نگرانی ضلع کلکٹرس کریں گے اور انتظامی امور کی نگرانی کے لئے عہدیداروں کو ذمہ داریاں حوالہ کرنے کے احکام بھی جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ان امتحانات میں کسی بھی طرح کی معمولی بدعنوانی بھی برداشت نہ کرنے کا انتباہ دیتے ہوئے نقائص سے پاک امتحانات کے انعقاد کو یقینی بنانے کی تاکید کی ہے۔صدرنشین تلنگانہ پبلک سروس کمیشن مسٹر مہندرریڈی نے کہا کہ عہدیدار جو گروپ I امتحانات کا حصہ ہیں انہیں محتاط انداز میں خدمات انجام دینے اور غیرجانبدارانہ طریقہ سے کام کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ امتحانات کے انعقاد میں کسی بھی طرح کی معمولی بدعنوانی یا بے قاعدگی مشکلات میں مبتلاء کرنے کا سبب بن سکتی ہے ۔ انہو ںنے موجودہ دور میں جہاں میڈیا اور عصری ٹکنالوجی متحرک ہے ایسے میں ان امتحانات کا انعقاد عہدیداروں کے لئے چیالنج سے کم نہیں ہوتا اسی لئے امتحانات سے جڑے ہر عہدیدار و اہلکار کو چوکسی کے ساتھ خدمات انجام دینے کی ضرورت ہے۔ڈائریکٹر جنرل پولیس مسٹر جتیندر نے بتایا کہ گروپ I امتحانات کے انعقاد کے لئے محکمہ پولیس کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ امتحانات کے شفاف طریقہ سے انعقاد کے سلسلہ میں تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ کمشنران پولیس کو اس سلسلہ میں خصوصی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں تاکہ امتحانی مراکز کے باہر خصوصی پولیس کی تعیناتی عمل میں لائی جاسکے۔ سیکریٹری تلنگانہ پبلک سروس کمیشن مسٹر نوین نکولاس نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں گروپI امتحانات کے لئے 8 مراکز قائم کئے گئے ہیں جبکہ ضلع رنگاریڈی میں 11مراکز موجود ہیں جبکہ میڑچل ۔ملکاجگری میں 27مراکز قائم کئے گئے ہیں۔جملہ 46 مراکز پر منعقد ہونے والے ان امتحانات کے لئے سی سی ٹی وی کے ذریعہ نگرانی کے علاوہ کنٹرول روم قائم کیاگیا ہے تاکہ تمام مراکز پر تلنگانہ پبلک سروس کمیشن کے دفتر کے ذریعہ نگرانی کو یقینی بنایا جاسکے۔انہو ںنے مزید بتایا کہ کمیشن کی جانب سے خصوصی عملہ حاصل کرتے ہوئے ان کے لئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے جاچکے ہیں اور امتحان میں شرکت کے لئے پہنچنے والے طلبہ کی بائیو میٹرک حاضری کو یقینی بنایا جائے گا۔سیکریٹری کمیشن نے بتایا کہ 85 فیصد امیدواروں نے اپنے ہال ٹکٹس ڈاؤن لوڈ کرلئے ہیںاور جن امیدواروں کو امتحان تحریر کرنے کے لئے مدد درکار ہے ان کے لئے 4علحدہ مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ ویڈیو کانفرنس کے دوران موجود کمشنر خاندانی بہبود مسٹر کرنن نے بتایا کہ تمام امتحانی مراکز کے قریب محکمہ خاندانی بہبود کی جانب سے میڈیکل کیمپس کے قیام کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ جناب مشرف فاروقی نے بتایا کہ امتحانی مراکز میں امتحانات کے دوران معیاری برقی سربراہی کے علاوہ بہتر انتظامات کیلئے عہدیداروں کو ذمہ داری تفویض کی گئی ہے جبکہ محکمہ آرٹی سی کے عہدیداروں نے بتایا کہ گروپ I امتحانات کے انعقاد کیلئے کئے جانے والے انتظامات میں آرٹی سی کی خصوصی بسوں کے انتظامات اور امتحانی مرکز کی روٹس پر اضافی بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔3