گریجویٹ ایم ایل سی نشست الیکشن کیلئے تیار رہنے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قائدین کو ہدایت

   

حیدرآباد۔/13اکٹوبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پارٹی قائدین کو ہدایت دی کہ گریجویٹ ایم ایل سی نشست کے چناؤ میں کانگریس کی کامیابی کیلئے ابھی سے متحرک ہوجائیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کے ہمراہ میدک، عادل آباد اور کریم نگر اضلاع پر مشتمل گریجویٹ ایم ایل سی نشست کی تیاریوں کے سلسلہ میں زوم اجلاس سے خطاب کیا۔ اجلاس میں جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ دیپا داس منشی، انچارج سکریٹریز وشواناتھ، وشواناتھم کے علاوہ چاروں اضلاع سے تعلق رکھنے والے وزراء، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی و کونسل کے علاوہ ضلع کانگریس صدور نے حصہ لیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت نے 10 ماہ کے دوران نوجوانوں بالخصوص بیروزگار نوجوانوں کو سرکاری ملازمت کی فراہمی کے اقدامات کئے ہیں۔ ڈی ایس سی کے ذریعہ 11 ہزار ٹیچرس کے تقررات کئے گئے۔ کانگریس برسراقتدار آنے کے بعد اساتذہ کے تبادلے اور ترقیاں عمل میں لائی گئیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ انتخابی وعدوں کی تکمیل میں کانگریس حکومت نے ریکارڈ قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہیش کمار گوڑ کے صدر پردیش کانگریس کے عہدہ پر فائز کئے جانے کے بعد گریجویٹ ایم ایل سی نشست کا یہ پہلا الیکشن ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ گریجویٹ رائے دہندوں کے ناموں کی فہرست رائے دہندگان میں شمولیت کو یقینی بنانے کیلئے یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی کو مساعی کرنی چاہیئے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 15 اکٹوبر تک پردیش کانگریس کمیٹی چاروں اضلاع کے قائدین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے گی۔ اس کے علاوہ لوک سبھا حلقہ جات کی سطح پر کمیٹیوں کے ذریعہ پارٹی امیدوار کے بارے میں رائے حاصل کی جائے گی۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری دیپا داس منشی نے قائدین سے کہا کہ وہ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کے علاوہ امیدوار کی کامیابی پر ابھی سے توجہ مرکوز کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اور بیروزگار افراد حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ ضلع کانگریس صدور نے امیدوار کے سلسلہ میں اپنی رائے پیش کی۔ موجودہ رکن کونسل جیون ریڈی کو انتخابات کی نگرانی کا ذمہ دیا گیا۔ جیون ریڈی نے کہا کہ گذشتہ مرتبہ الیکشن میں ان کے ساتھ عوامی ہمدردی کی لہر تھی لہذا پارٹی کو امیدوار کے انتخاب کے سلسلہ میں وسیع تر مشاورت کرنی چاہیئے۔1