حیدرآباد۔/7مئی، ( سیاست نیوز) کھمم ، ورنگل اور نلگنڈہ اضلاع پر مشتمل گریجویٹ ایم ایل سی نشست کے امیدوار کے مسئلہ پر بی آر ایس قائدین میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ پارٹی سربراہ کے سی آر نے اے راکیش ریڈی کو امیدوار بنایا ہے جو اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی سے بی آر ایس میں شامل ہوئے تھے۔ پارٹی میں نئے لیڈر کو کونسل الیکشن میں امیدوار بنانے پر کئی سینئر قائدین نے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے ناراضگی کا اظہار کیا۔ سابق رکن اسمبلی ونئے بھاسکر اور دوسروں نے کے ٹی آر سے ملاقات کرتے ہوئے امیدوار کی تبدیلی کا مشورہ دیا۔ پارٹی قائدین کا کہنا تھا کہ تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کرنے والے کسی کارکن کو ٹکٹ دیا جانا چاہیئے تھا۔ قائدین کا کہنا ہے کہ ٹکٹ الاٹمنٹ کے بارے میں یہ افواہ گرم ہوچکی ہے کہ راکیش ریڈی نے ٹکٹ خریدا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ رکن اسمبلی ٹی راجیشور ریڈی جن کے استعفی کے سبب یہ نشست خالی ہوئی تھی انہوں نے راکیش ریڈی کے نام کی تجویز پیش کی جسے کے سی آر نے قبول کرلیا۔1