ووٹرس کیلئے دعوتوں کا اہتمام اور پیاکیج۔12 مارچ کو مہم کا اختتام
حیدرآباد۔ریاست میں گریجویٹ حلقوں کے کونسل انتخابات کی انتخابی مہم عروج پر پہنچ چکی ہے ۔ انتخابی تشہیر کیلئے صرف 9 دن باقی رہ گئے ہیں جس سے اہم سیاسی جماعتوں کے امیدوار 6 متحدہ اضلاع میں اپنی انتخابی مہم میں شدت پیدا کرچکے ہیں۔ دونوں گریجویٹ حلقوں کیلئے14 مارچ کثو رائے دہی مقرر ہے اور 12 مارچ کو شام میں انتخابی مہم اختتام کو پہنچ رہی ہے۔ ہر امیدوار رائے دہندوں تک پہنچنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگارہا ہے اور ووٹرس کا دل جیتنے کیلئے تمام سیاسی ہتھکنڈوں کا استعمال کیا جارہا ہے۔ گریجویٹ حلقہ کے رائے دہندے زیادہ تر سرکاری و خانگی شعبوں میں کام کرنے والے ملازمین ہیں اس کے علاوہ ٹیچرس، وکلاء ، ڈاکٹرس کے علاوہ دوسرے پیشہ سے وابستہ افراد بھی شامل ہیں۔ مقابلہ کرنے والے امیدوار رائے دہندوں کو مختلف خانوں میں تقسیم کرتے ہوئے کام کررہے ہیں۔ اجلاسوں کا اہتمام کررہے ہیں ان کیلئے دعوتوں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ ایک مقام پر کم از کم 10 اور زیادہ سے زیادہ 100 رائے دہندے رہنے والے مقامات پر اس طرح کی دعوتیں کی جارہی ہیں۔ تعلیمی ادارے چلانے والے انتظامیہ کو بھی پیغام روانہ کیا جارہا ہے اور پیاکیج بھی دیا جارہا ہے اور ایسے تعلیمی اداروں سے معاہدے بھی کئے جارہے ہیں ۔ اس کے لئے امیدواروں کی جانب سے بجٹ بھی مختص کیا جارہا ہے۔ ایک ، ایک حلقہ میں متحدہ اضلاع پر مشتمل ہونے کی وجہ سے ہر امیدوار کا ہر رائے دہندے سے ملاقات کرنا ناممکن ہے لہذا ایک مخصوص مقام پر جمع کرتے ہوئے بات کی جارہی ہے۔ ہر سیاسی جماعت اپنے پارٹی امیدواروں کیلئے انتخابی مہم چلانے میں مکمل تعاون کررہی ہے۔