ٹریٹمنٹ کے بغیر باغبانی و تعمیری سرگرمیوں کیلئے استعمال
حیدرآباد۔25۔نومبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں محکمہ آبرسانی کی جانب سے تعمیراتی سرگرمیوں کے علاوہ پودوں کے لئے استعمال کئے جانے والے ’گرین واٹر ٹینکرس‘ میں نالوں اور ڈرینیج کے ذریعہ پانی جمع کرتے ہوئے سربراہ کیا جارہا ہے! ریاست میں حکومت نے ایل ۔نینو کے اثرات پر قابو پانے کے لئے محکمہ آبرسانی کے ذریعہ ’گرین ٹینکرس‘ کا آغاز کیا تھا تاکہ پینے کے پانی کو ضائع ہونے کے بچانے کے لئے تعمیراتی سرگرمیوں کے علاوہ پودوں کے لئے استعمال کئے جانے والے پانی کی سربراہی علحدہ کی جاسکے اور ’گرین ٹینکر‘ کے ذریعہ سیوریج کے صاف کئے ہوئے پانی کی سربراہی عمل میں لائی جاسکے ۔ محکمہ آبرسانی کے اس منصوبہ کو تعمیراتی سرگرمیوں کی جانب سے زبردست ردعمل حاصل ہونے لگا تھا لیکن گذشتہ دنوں منظر عام پر آنے والے ایک ویڈیو نے سوشل میڈیا پر ’گرین واٹر ٹینکر‘ کی حقیقت کو منظر عام پر لاتے ہوئے اس حقیقت کا انکشاف کیا ہے کہ سائبر آباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں راست نالہ سے ان ٹینکرس میں پانی بھرتے ہوئے سربراہ کیا جا رہاہے اور نالوں میں بہنے والے ڈرینیج کے پانی کو ٹریٹمنٹ کے بغیر پودوں و باغبانی کے علاوہ تعمیراتی سرگرمیوں کے لئے استعمال کیا جانے لگا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ نالوں میں موجود گندے اور آلودہ پانی کو بھی ٹینکرس میں بھرتے ہوئے ان کا کاروبار کیا جا رہاہے تاکہ تعمیراتی کمپنیوں کو یہ پانی سربراہ کرتے ہوئے دولت بٹوری جاسکے۔مقامی عوام نے ان سرگرمیوں کے سلسلہ میں بتایا کہ یہاں نالہ سے پانی ٹینکر میںبھرا جانا کوئی نئی بات نہیں رہی بلکہ گذشتہ 8-10 دن سے گرین ٹینکر نالہ سے پانی بھر رہے ہیں۔3