شہر میں کانگریس کا موقف مستحکم، اتم کمار ریڈی کا دعویٰ
حیدرآباد۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں کانگریس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے شہر سے تعلق رکھنے والے سینئر قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی، سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ، سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی، سابق رکن پارلیمنٹ کونڈہ وشویشور ریڈی، ورکنگ پریسیڈنٹ کسم کمار، سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا، سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر، اے آئی سی سی ترجمان ڈاکٹر شراون، صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو، صدر یوتھ کانگریس انیل کمار یادو، فیروز خاں، اے آئی سی سی سکریٹری بوس راجو اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ گریٹر حیدرآباد کے مجوزہ بلدی انتخابات میں کانگریس کے بہتر مظاہرہ کو یقینی بنانے کیلئے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلدی وارڈز میں سرگرم قائدین کو ابھی سے انتخابات کیلئے متحرک کیا جائے۔ انتخابی حکمت عملی بالخصوص امیدواروں کے سلیکشن کے سلسلہ میں پھر ایک مرتبہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے گائیڈ لائنس طئے کئے جائیں گے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد میں کانگریس پارٹی کا موقف مستحکم ہے اور گریٹر حیدرآباد میں پارٹی کا مظاہرہ بہتر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس گذشتہ انتخابات کی طرح گریٹر بلدیہ پر اقتدار کا خواب دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر کی جانب سے پیش کردہ سروے رپورٹس کو بوگس قرار دیا اور کہا کہ کانگریس کا مظاہرہ بہتر رہے گا۔ انہوں نے پارٹی قائدین سے کہا کہ وہ کامیابی کیلئے متحدہ مساعی کریں۔ اسی دوران ضلع میدک کے دوباک اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں کانگریس امیدوار کے سلسلہ میں اتم کمار ریڈی نے سینئر قائدین سے مشاورت کی۔ دامودر راج نرسمہا، پونم پربھاکر، کسم کمار، بوس راجو کے علاوہ ضلع کانگریس صدر نے اجلاس میں شرکت کی۔ مواضعات کی سطح کے قائدین کو طلب کرتے ہوئے 11 ستمبر کو حیدرآباد میں اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر نے دوباک اور گریٹر حیدرآباد دونوں میں کامیابی کے حق میں سروے رپورٹ کی بنیاد پر دعویداری پیش کی ہے۔