پونم پربھاکر اور اظہرالدین کا عوامی نمائندوں کے ساتھ جائزہ اجلاس، پہلے مرحلہ میں صحت و صفائی اور عوامی صحت پر خصوصی توجہ
حیدرآباد ۔6 ۔ مارچ (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد کے حدود میں پرجا پالنا پرگتی پرانالیکا کے 99 روزہ منصوبہ پر عمل آوری کا جائزہ لینے کیلئے حیدرآباد کے انچارج وزیر پونم پربھاکر نے عوامی نمائندوں اور مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ پرجا بھون میں جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہر الدین کے ہمراہ اجلاس میں عہدیداروں کو 99 روزہ پروگرام پر عمل آوری کیلئے ضروری ہدایات دی گئیں۔ اس پروگرام کا آج سے ریاست بھر میں آغاز ہوا ہے اور 12 جون تک یہ پروگرام جاری رہے گا۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں صحت و صفائی اور عوامی صحت کی بہتر سہولتوں کو یقینی بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کے ذریعہ عوامی صحت کا تحفظ کیا جائے گا۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ بہبودی خواتین و اطفال اور اسپورٹس کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے منڈل اور اسمبلی حلقہ جات کی سطح پر اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ انچارج وزراء کی جانب سے متحدہ اضلاع کی سطح پر جائزہ اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ مراحل میں اس پروگرام پر عمل کیا جائے گا اور کوئی بھی گھر حکومت کی اسکیمات سے محروم نہیں رہے گا۔ پہلے مرحلہ میں 15 مارچ تک گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں صحت و صفائی پر توجہ دی جائے گی۔ سرکاری دفاتر میں فائلوں کی عاجلانہ یکسوئی کی ہدایت دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں اور پرائمری ہیلت سنٹرس میں طبی سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا۔ 13 تا 18 اپریل پولیس اور ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ٹریفک حادثات میں کمی اور ٹریفک قواعد پر عمل آوری کے لئے شعور بیداری مہم کا اہتمام کیا جائے گا۔ پونم پربھاکر نے بتایا کہ 22 تا 28 اپریل ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتوں کی بھلائی کی اسکیمات پر عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ جاریہ اسکیمات پر عمل آوری اور توجہ دیں ۔ پونم پربھاکر نے دیگر تین مراحل کے پروگراموں کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی جامع ترقی اور عوام کی بھلائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ماحولیاتی تحفظ کیلئے عوام کو پلاسٹک کے استعمال سے گریز کرنا چاہئے۔ اجلاس میں حیدرآباد کے ارکان اسمبلی اور کونسل کے علاوہ ضلع کلکٹر اور کمشنر جی ایچ ایم سی نے شرکت کی ۔1