حیدرآباد : کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار نے شہر حیدرآباد میں سڑکوں کی دیکھ بھال ، مرمت وغیرہ کی ذمہ داری خانگی ایجنسیوں کو دینے کے باوجود سڑکوں کی خستہ حالت پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر سڑکو ں کے گڑھوں کو اندرون تین یوم درست نہ کرنے پر بلدیہ عہدیداروں کے خلاف جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے احکامات جاری کیا ہے ۔ گریٹر حیدرآباد کی سڑکوں کی تعمیرات کیلئے حکومت کی جانب سے ( سی آر ایم پی ) پلان تیار کیا ہے ۔ اس کے تحت گریٹر حیدرآباد کی 709 کیلو میٹر سڑکوں کی تعمیرات ، مرمت اور دیکھ بھال کی ذمہ داری آئندہ پانچ سال کیلئے خانگی ایجنسیوں کے حوالے کی اور اس پر 1837 کروڑ روپئے کا تخمینہ تیار کیا گیا ۔ سڑکو ں پر گڑھے پڑھتے ہی متعلقہ عہدیدار کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایجنسی کو نوٹس جاری کریں ۔ اگر ایجنسی کی جانب سے سڑک کی مرمت نہیں کی گئی تو اس پر جرمانہ عائد کرنے کا پہلے سے طئے شدہ معاہدہ ہے ۔ تقریباً تمام زونس میں عہدیداروں کی جانب سے نوٹس تو جاری کی گئی مگر جرمانہ عائد کرنے کے معاملے میں تساہل کیا گیا جس سے خانگی ایجنسیوں کی جانب سے نوٹس پر عجلت پسندی کا مظاہرہ نہیں کیا جارہا ہے ۔ کئی علاقوں میں ایک سے زائد ہفتوں تک سڑکوں پر گڑھے پائے جارہے ہیں جس کی عوام کی جانب سے شکایتیں وصول ہونے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے جس کا کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار نے سخت نوٹ لیا ہے اور اس دن سرکولر جاری کردیا ہے اگر متعلقہ عہدیداروں زونل کمشنرس ، سپرنٹنڈنٹ انجنیئر اور ایگزیکٹیو انجنیئر کی جانب سے اندرون تین یوم کارروائی نہیں کی گئی تو ان کی تنخواہوں کو کٹ کرتے ہوئے جرمانہ عائد کرنے کا انتباہ دیا ہے ۔