ڈسپلن شکنی پر تادیبی کارروائی، جی ایچ ایم سی الیکشن کیلئے متحدہ کام کریں، گاندھی بھون میں جائزہ اجلاس سے مہیش کمار گوڑ اور دیپا داس منشی کاخطاب
حیدرآباد۔/16 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے گریٹر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے قائدین کو ڈسپلن شکنی کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا اور کہا کہ کوئی بھی قائد کسی رتبہ کا کیوں نہ ہو ڈسپلن شکنی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ گاندھی بھون میں گریٹر حیدرآباد کانگریس قائدین کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں آئندہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ دیپا داس منشی، انچارج اے آئی سی سی سکریٹریز وشواناتھ اور وشوانادھم ، حیدرآباد کے انچارج وزیر پونم پربھاکر، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو، حکومت کے مشیر ڈاکٹر کے کیشوراؤ، میئر حیدرآباد وجیہ لکشمی، رکن اسمبلی ڈی ناگیندر، سابق رکن پارلیمنٹ اور ورکنگ پریسیڈنٹ محمد اظہر الدین، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ، صدر ضلع کانگریس کمیٹی حیدرآباد سمیر ولی اللہ، صدر ضلع کانگریس کمیٹی خیریت آباد روہن ریڈی، انچارج حلقہ اسمبلی نامپلی محمد فیروز خاں کے علاوہ کارپوریٹرس اور سینئر قائدین نے شرکت کی۔ صدرپردیش کانگریس نے گریٹر حیدرآباد میں پارٹی کے استحکام کیلئے متحدہ طور پر کام کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ قائدین آپسی اختلافات کو فراموش کرتے ہوئے پارٹی کے استحکام پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈسپلن شکنی کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا اور تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے مقابلہ گریٹر حیدرآباد میں کانگریس کے مظاہرہ کو بہتر بنانے کیلئے وارڈ کی سطح پر محنت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کسی کو پارٹی کی پالیسی کے مطابق کام کرنا ہوگا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے آئندہ انتخابات میں کارپوریشن پر کانگریس کا قبضہ یقینی ہے بشرطیکہ قائدین متحدہ طور پر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اقتدار کو 10 ماہ مکمل ہوئے اور اس دوران حکومت نے کئی ایک فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا۔ انتخابی وعدوں کی تکمیل کی گئی۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ریاست کی ترقی کے ساتھ عوام کی بھلائی کیلئے کانگریس حکومت کام کررہی ہے۔ بی آر ایس نے دس سالہ دور حکومت میں 7 لاکھ کروڑ کا قرض حاصل کیا اور ریاست کی معیشت کو تباہ کردیا۔ ریاست کے کمزور مالی موقف کے باوجود کانگریس حکومت نے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی ہے۔ قائدین کو چاہیئے کہ حکومت کی اسکیمات کی عوام میں زیادہ سے زیادہ تشہیر کریں۔ انہوں نے کہا کہ قائدین کو اپنے اپنے علاقوں میں عوام کے درمیان ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی تاریخ رہی ہے کہ ہمیشہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی گئی۔ بی آر ایس اور بی جے پی پر خفیہ اتحاد کا الزام عائد کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ سوشیل میڈیا کے ذریعہ کانگریس کو نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ انہوں نے قائدین سے کہا کہ وہ بی جے پی اور بی آر ایس کی مخالف حکومت سرگرمیوں کا منہ توڑ جواب دیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قائدین کے اتحاد کے ذریعہ بہتر نتائج کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ دیپا داس منشی نے کہا کہ راہول گاندھی نے حیدرآباد میں بھارت جوڑو یاترا کا اہتمام کیا تھا اور قائدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ راہول گاندھی کے پیام کو عام کریں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی قائدین کو اختلافات فراموش کرتے ہوئے پارٹی کی کامیابی کے مقصد سے متحرک ہونا چاہیئے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں کانگریس بہتر مظاہرہ کرے گی۔1