گریٹر حیدرآباد ٹی آر ایس کا منگل کو جل وہار میں اجلاس

   

حیدرآباد کی ترقی ٹی آر ایس کی مرہون منت، ریاستی وزیر سرینواس یادو نے انتظامات کا جائزہ لیا

حیدرآباد۔/5 ستمبر، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میں ٹی آر ایس کو مستحکم کرنے کیلئے 7 ستمبر کو جل وہار میں حیدرآباد اور سکندرآباد سے تعلق رکھنے والے قائدین کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ پارٹی کے گریٹر حیدرآباد جنرل باڈی اجلاس کی تیاریوں کے سلسلہ میں وزیر انیمل ہسبنڈری سرینواس یادو نے جل وہار کا دورہ کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سرینواس یادو نے کہا کہ 7 ستمبر کو صبح 10:30 بجے جنرل باڈی اجلاس کا آغاز ہوگا جس میں پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ مہمان خصوصی ہوں گے۔ گریٹر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ، ارکان مقننہ، مختلف کارپوریشنوں کے صدورنشین، کارپوریٹرس، سابق کارپوریٹرس، اہم قائدین اور ڈیویژن صدور حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد بوتھ، ڈیویژن اور حیدرآباد کی سطح پر کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں آئے گی جس کے لئے اجلاس میں لائحہ عمل طئے کیا جائے گا۔ سرینواس یادو نے بتایا کہ پارٹی کی جانب سے مستقبل میں کئے جانے والے پروگراموں پر غور و خوض کرتے ہوئے اہم فیصلے جائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس 60 لاکھ افراد کی رکنیت کے ذریعہ ملک کی سب سے بڑی جماعت کا موقف رکھتی ہے۔ تلنگانہ میں ہر شعبہ سابق میں نظرانداز کیا گیا لیکن نئی ریاست کی تشکیل کے بعد ٹی آر ایس نے ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کا سہرا کے سی آر کے سر جاتا ہے جنہوں نے 2001 میں علحدہ ریاست کیلئے جدوجہد شروع کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں گزشتہ سات برسوں میں ترقیاتی اور فلاحی کاموں کا جو ریکارڈ قائم کیا گیا ہے اس کی مثال کوئی اور ریاست پیش نہیں کرسکتی۔ کالیشورم، پالمور لفٹ اریگیشن پراجکٹ، ملنا ساگر، کونڈہ پوچماں جیسے آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر کی گئی۔ غریبوں کیلئے ڈبل بیڈ روم مکانات اور کسانوں کیلئے رعیتو بندھو اور رعیتو بیمہ اسکیمات متعارف کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دلتوں کی معاشی ترقی کیلئے دلت بندھو اسکیم کے سی آر حکومت کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی ریاست کی تشکیل کے بعد جی ایچ ایم سی کے حدود میں غیر معمولی ترقی ہوئی ہے۔ فلائی اوورس، انڈر پاس اور فٹ پاتھس کی تعمیر و ترقی کا کام انجام دیا گیا۔ سڑکوں کی تعمیر کے ذریعہ عوام کو ٹریفک مسائل سے نجات دی گئی۔ R