۔1000 کروڑ روپئے خرچ کا تخمینہ، 7 کیلومیٹر زیرزمین 8 کیلو میٹر پلرس پر پٹریاں رہیں گی
حیدرآباد : ریاست میں حیدرآباد کے بعد ورنگل میں میٹرو ریل چلانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ اس کیلئے مہاراشٹرا ریل کارپوریشن نے تفصیلی رپورٹ (ڈی پی آر) تیار کیا ہے۔ ماضی میں حیدرآباد کے طرز پر 15 کیلو میٹر میٹرو ریل کی پٹریاں پلرس پر تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اب اس پلان میں تبدیلیاں کرتے ہوئے مہا میٹرو نے نیا ڈی پی آر تیار کیا ہے۔ پلان میں تبدیلی سے 2,000 کروڑ روپئے تک بچت ہوگی۔ نئے پلان کے تحت 7 کیلو میٹر زیرزمین اور 8 کیلو میٹر تک پلرس پر میٹرو ریل چلانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ میٹرو ریل کا نیا پلان (ڈی پی آر) کو کاکتیہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ریاستی حکومت کو پیش کردیا ہے۔ مہامیٹر ادارے کے منیجنگ ڈائرکٹر برجیش دکشت نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی منظوری کیلئے بہت جلد نیا پلان روانہ کیا جائے گا۔ ناسک، ناگپور کے علاوہ دیگر شہروں میں میٹرو ریل پراجکٹ تعمیر کرنے کی ذمہ داری مہا میٹرو ادارے کو سونپی گئی ہے۔ ورنگل میٹرو ریل پراجکٹ کا ڈیزائن ناسک میٹرو ریل پراجکٹ کے طرز پر تیار کیا گیا ہے۔ نیو میٹرو ورنگل پراجکٹ کیلئے 1000 کروڑ روپئے خرچ کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ عام طور پر ایک کیلو میٹر پر 180 کروڑ روپئے کے مصارف ہیں۔ نیا پلان (ڈی پی آر) کے مطابق ایک کیلو میٹر پر 60 کروڑ روپئے کے مصارف ہونے کی تفصیلات پیش کی گئی ہے۔ فی الحال گریٹر ورنگل کی آبادی 10 لاکھ ہے۔ 20 سال بعد یعنی 2041 میں آبادی بڑھ کر 20 لاکھ ہوجائے گی۔ 20 تا 30 لاکھ آبادی کیلئے ناسک میں میٹرو ریل چلانے کا جو منصوبہ تیار کیا گیا ہے اسی منصوبہ پر ورنگل میں عمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔