گستاخ نوپور شرما کی ایک اور شرانگیز تقریر

   

نئی دہلی : تقریباً دو سال سے گمنامی اور خوف کے سایہ میں زندگی گزارنے والی گستاخ رسول اور بی جے پی کی برطرف ترجمان نوپور شرما اتوار کو اترپردیش کے غازی آباد میں ایک مذہبی پروگرام میں شرکت کی اور شرانگیز تقریر کرتے ہوئے میڈیا پر چھانے کی کوشش کی ۔ انہوں نے راہول گاندھی کا نام لئے بغیر کہاکہ جب اعلیٰ عہدوں پر فائز لوگ کہتے ہیں کہ ہندو تشدد پسند ہیں یا جب کچھ اور لوگ کہتے ہیں کہ سناتنیوں کا صفایا کیا جائے تو اس سازش کو سمجھنا چاہیئے ۔ نوپور شرما نے کہا کہ اگر ہندو پرتشدد ہوتے تو اپنے ہی ملک میں کسی ہندو بیٹی کو اتنی سیکورٹی میں اپنی زندگی نہیں گزارنی پڑتی ۔ تقریباً دو سال قبل اپنے متنازعہ بیان کے بعد سیاسی منظر نامے سے تقریباً غائب ہونے والی نوپور شرما نے عوامی پروگرام سے خطاب کیا ۔ رام پرستھ گرین کیمپس غازی آباد میں منعقدہ بھاگوت کتھا کے دوران سابق بی جے پی لیڈر نوپور شرما نے پہلی بار عوامی پروگرام میں کئی مسائل پر کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیا ۔ نوپور نے الزام لگایا کہ اس ملک میں سناتنیوں کو ختم کرنے کی سازش ہورہی ہے جس کا اسے احساس ہے ۔