نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شبھمن گل نے پاکستان کے بابراعظم کو پیچھے چھوڑتے ہوئے آئی سی سی ونڈے رینکنگ میں دنیا کے نمبر ایک بیٹر ہونیکا اعزاز حاصل کرلیا۔ انگلینڈ کے خلاف حالیہ گھریلو سیریز میں شاندار کارکردگی کے بعد گل نے یہ مقام حاصل کیا۔ آئی سی سی نے چمپئنز ٹرافی کے آغاز سے قبل تازہ ترین رینکنگ جاری کی، جس کا پہلا میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں کھیلا گیا ہے۔ دائیں ہاتھ کے نوجوان بیٹرشبھمن گل نے پاکستان کے سابق کپتان بابراعظم کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کے نمبر ایک ونڈے بیٹرکا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ گل جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف حالیہ تین میچوں کی ونڈے سیریز میں دو نصف سنچریاں اور ایک سنچری اسکور کی، ایک درجہ ترقی کرتے ہوئے پہلے مقام پر پہنچ گئے۔ ان کے اب 796 ریٹنگ پوائنٹس ہیں، جبکہ بابراعظم 773 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔ ہندوستان کے کپتان روہت شرما تیسرے نمبر پر ہیں، جبکہ جنوبی افریقہ کے ہینرک کلاسن اور نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل بالترتیب چوتھے اور پانچویں مقام پر ہیں۔ یہ چمپئنز ٹرافی کے آغاز سے پہلے ونڈے رینکنگ میں ایک بڑی تبدیلی ہے، جو آنے والے ہفتوں میں پاکستان اور دبئی میں ہونے والے ٹورنمنٹ کو مزید دلچسپ بنا دے گی۔