گلابی انقلاب، ہند ۔ بنگلہ دیش آج پہلا ڈے نائیٹ ٹسٹ

   

کولکاتہ ۔ 21 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم بالآخر گلابی انقلاب کیلئے تیار ہے جیسا کہ وہ کل یہاں مہمان بنگلہ دیش کے خلاف اپنی تاریخ کا پہلا ڈے نائیٹ ٹسٹ تاریخی میدان ایڈن گارڈنس میں کھیلے گی۔ بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ اس مقابلہ کے مشاہدہ کیلئے کولکاتہ پہنچ رہی ہیں۔ بی سی سی آئی کے نئے صدر سورو گنگولی کے عہدہ پر فائز ہونے کے ساتھ ہی پہلی کوشش کامیاب رہی اور انہوں نے ہندوستان کے علاوہ بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کو بھی ڈے نائیٹ ٹسٹ کیلئے راضی کرلیا ہے اس طرح دونوں ہی ٹیموں کیلئے کل یہاں ایڈن گارڈن میں تاریخی لمحہ ہوگا کیونکہ دونوں ہی ٹیمیں پہلی مرتبہ ڈے نائیٹ ٹسٹ کھیل رہی ہے۔ گنگولی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو چند دن قبل ہی ڈے نائیٹ ٹسٹ کیلئے رضامند کیا ہے۔ تاحال 11 ڈے نائیٹ ٹسٹ دنیا بھر میں کھیلے جاچکے ہیں جبکہ پہلا ٹسٹ 4 سال قبل نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایڈیلیڈ میں کھیلا گیا تھا۔ اسی مقام پر گذشتہ سال ہندوستان کو آسٹریلیا کے خلاف اپنا پہلا ڈے نائیٹ ٹسٹ کھیلنا تھا لیکن ہندوستانی ٹیم نے کرکٹ آسٹریلیا کی یہ تجویز مسترد کردی تھی۔ اس کے علاوہ گھریلو میدانوں پر بھی بی سی سی آئی کے عہدیدار ڈے نائیٹ ٹسٹ کیلئے تیار نہیں ہورہے تھے لیکن جیسے ہی گنگولی نے بی سی سی آئی کے صدر کا عہدہ سنبھالا اس کے ایک ہفتہ کے اندر انہوں نے ڈے نائیٹ ٹسٹ کیلئے تمام رکاوٹیں ہٹادیں۔ اس مقابلہ میں ایس جی گلابی گیند استعمال کی جائے گی اور اکثریت کا ماننا ہیکہ غروب آفتاب کے بعد اس کے خلاف بہتر بیٹنگ کرنا مشکل ہوگا اور ایڈن گارڈنس میں شام کے اوقات میں پڑنے والی شبنم بھی اثر انداز ہوگی۔ کھلاڑیوں کیلئے اصل چیلنج غروب آفتاب اور اس کے بعد شبنم کے دوران بیٹنگ کرنا ہوگا۔ علاوہ ازیں گلابی گیند سے فاسٹ بولروں کو حالات سازگار ہونے کی امید کی جارہی ہے۔ کولکاتہ سے تعلق رکھنے والے محمد سمیع نے یہاں گلابی گیند سے ایک فرسٹ کلاس مقابلہ کھیلا ہے وہ اس تجربہ کی بنیادپر بہتر مظاہرہ کیلئے پرعزم ہیں جبکہ ان کے ساتھ ایشانت شرما اور اومیش یادو کا رول بھی اہمیت کا حامل ہوگا جنہوں نے پہلے ٹسٹ میں بنگلہ دیش کو اننگز اور 130 رنز کی شکست دینے میں کلیدی رول ادا کیا۔ مذکورہ بولروں نے پہلے ٹسٹ میں 14 وکٹیں حاصل کی ہیں اور کل کولکاتہ میں شروع ہونے والے ڈے نائیٹ ٹسٹ میں بھی ان کا کردار اہم ہونے کی امید کی جارہی ہے۔