گلگت بلتستان میں بس حادثہ، 20 افراد ہلاک

   

مظفرآباد: گلگت بلتستان کے ضلع چلاس میں شاہراہ قراقرم پر مسافر بس کھائی میں گر گئی جس کے نتیجہ میں 20 مسافر جان سے گئے اور 22زخمی ہوگئے۔ حادثہ میں کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔تفصیلات کے مطابق واقعہ شاہراہ قراقرم کے مقام پریشوخل داس پر پیش آیا جہاں مسافر بس کھائی میں جا گری۔ترجمان صوبائی حکومت فیض اللہ فراق نے بتایا کہ بس کو حادثہ صبح 5 بجے کے قریب پیش آیا، حادثے کا شکار بس راولپنڈی سے ہنزہ جا رہی تھی۔نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کی بس میں 40 سے زائد افراد سوار تھے۔انہوں نے کہاکہ چلاس ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ،ریسکیوکی ٹیمیں بروقت جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کردیا۔پولیس نے حادثے کی وجہ معلوم کرنے کیلئے تفتیش شروع کر دی۔وزیراعظم شہباز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے بس حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے۔