گلی کوچوں کے چھوٹے تاجرین کا یکم تا 7 فروری سروے

   


اہل افراد کو ریاستی و مرکزی حکومتوں کے فلاحی اسکیمات سے فائدہ پہونچانے پر توجہ
حیدرآباد :۔ گلی کوچوں کے چھوٹے تاجرین ٹھیلہ بنڈی پر ترکاری فروخت کرنے والوں کا مالی موقف مستحکم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے جامع سروے کیا جارہا ہے ۔ پی ایم سوان فنڈ سے قرض حاصل کرنے والے افراد کے ارکان خاندان کی تمام تفصیلات عہدیداروں کی جانب سے اکھٹا کی جارہی ہیں ۔ گریٹر حیدرآباد کے بشمول ریاست کے مختلف شہروں ورنگل ، کریم نگر ، راما گنڈم ، محبوب نگر ، سوریہ پیٹ ، کھمم ، نظام آباد ، عادل آباد کا سروے کے لیے انتخاب کیا گیا ہے ۔ ان شہروں میں تقریبا 2 لاکھ افراد نے قرض حاصل کیا ہے ۔ ان خاندانوں کا سروے کرتے ہوئے اہل افراد مرکزی و ریاستی حکومتوں کے فلاحی اسکیمات سے فائدہ پہونچایا جائے گا ۔ یکم تا 7 فروری تک خصوصی کیمپس منعقد ہوں گے ۔ اس سروے کی نگرانی کے لیے ریاستی سطح کی کمیٹی چیف سکریٹری سومیش کمار کی قیادت میں کام کرے گی جب کہ اضلاع سطح کی کمیٹیوں کی کلکٹرس نگرانی کریں گے اور دونوں سطحوں کے کمیٹیوں کی تشکیل بھی عمل میں لائی گئی ہے ۔ یہ کمیٹیاں سروے کا جائزہ لیتے ہوئے ضرورت کے مطابق احکامات جاری کرنے کے ساتھ مشورے بھی دیں گے ۔۔