گمراہ کن فتنوں کے خلاف متحدہ جدوجہد کے عزم کا اظہار

   

نظام آبادمیں مشاورتی اجلاس کا انعقاد ، مفتی سعید اکبر ، حافظ محمد لئیق خان اور دیگر کا خطاب

نظام آباد :15؍ فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )تحفظ ختم نبوت ایجوکیشنل و چیرٹیبل ٹرسٹ اور جمعیت العلماء ہند ضلع نظام آباد کے زیر اہتمام کلاسک فنکشن ہال پر اہم و کامیاب مشاورتی اجلاس کا اہتمام عمل میں لاتے ہوئے مسلمانوں کے بھیس میں گمراہی کی طرف دعوت دینے والے فتنوں کیخلاف متحدہ جدوجہد کا عزم ظاہر کیا گیا ۔ مفتی سعید اکبر نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے بھیس میں گمراہی کی طرف دعوت دینے والے اس وقت 7 فتنے امت مسلمہ میں تیزی سے پھیل رہے ہیں جس کا نوجوان اور بالخصوص خواتین بڑی آسانی سے شکار ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دو دہے قبل عیسائیت کا فتنہ تیز ی سے پھیل رہا تھا مسلم خواتین و نوجوانوں کو قرض کے نام پر عیسائیت کی طرف مائل کیا جارہا تھا ۔لیکن 7 نئے فتنے جنم لے چکے ہیں جن میں فتنہ قادیانیت ، فتنہ شکیلیت ، فتنہ فیاضیت ، فتنہ اہل قرآن( منکرین حدیث ) ، فتنہ گوھر شاہی ، فتنہ غامدیت ، فتنہ انجینئر محمد علی مرزا شامل ہے ۔ مفتی سعید اکبر نے کہا کہ خفیہ طور پر اور سوشل میڈیا کے ذریعہ امت مسلمہ کو گمراہ کیا جارہا ہے جس کیخلاف تمام مسالک کے علمائے دین اور سیاسی ، سماجی ، شخصیتوں کو متحدہ طور پر جدوجہد کیلئے آگے آنے کی ضرورت ہے ۔صدر ضلع جمعیت العلماء ہند حافظ محمد لئیق خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ میں فتنے تیزی سے پھیل رہے ہیں لیکن ہم بے خبر نہیں رہ سکتے ۔ مولانا خضر احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ امت مسلمہ میں پھیلنے والے فتنے اور برائیوں کی روک تھام کیلئے ہر محلہ میں کمیٹیاں تشکیل دیتے ہوئے ذمہ داری تفویض کی جائے ۔ مولانا حیدر قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ میں پھیلنے والے فتنوں کیخلاف علمائے دین کے ساتھ ساتھ ملت کے تمام افراد اور ہر مسلمان کو آگے آنے کی ضرورت ہے ۔مولانا سید سمیع اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ میں فتنوں کیخلاف پہلے سے ہی کوشش کی جارہی ہے مزید بہتر طور پر کوشش کی جائے گی ۔ وجہہ اللہ خان جمعیت اہلحدیث نے خطاب کرتے ہوئے قادیانیت اور دوسرے تمام فتنوں کیخلاف بڑے پیمانے پر شعور بیداری کی تجویز پیش کی ۔ مولانا عتیق الرحمن جمعیت اہلحدیث نے کہا کہ فتنہ پرور عناصر مسلمانوں کو کئی طرح سے گمراہ کررہے ہیں جس کیخلاف تمام مساجد کے ذریعہ امت مسلمہ کا شعور بیدار کیا جانا لازمی ہے ۔مولانا اسماعیل عارفی نے خطا ب کرتے ہوئے مہم کی کامیابی کیلئے مالی تعاون پر زور دیا۔ صدر قاضی مفتی محبوب نے خطاب کرتے ہوئے سوشل میڈیا اور مساجد و محلہ جات میں مہم چلانے پر زور دیا۔ مشاورتی اجلاس میں محمد ادریس خان ڈپٹی مئیر ، محمد شکیل احمد فاضل انچارج صدر ضلع مجلس نظام آباد، مجلسی کارپوریٹرس ماجد صدیقی ، محمد مستحسن ، عبدالسلیم ،طارق انصاری ریاستی سکریٹری ٹی آرایس پارٹی ، محمد فیاض الدین ، محمد جاوید اکرم سابق صدور ضلع وقف کمیٹی ، عمران شہزاد ٹی آرایس پارٹی قائد ، نوید اقبال ، سمیر احمد ، مرزا اضل بیگ تیجان ، محمد انور خان سابق امیر جماعت اسلامی نظام آباد ، عظیم قریشی ، فہیم قریشی نے شرکت کرتے ہوئے فتنوں سے امت مسلمہ کو محفوظ رکھنے کے سلسلہ میں مختلف تجاویز پیش کی ۔حافظ محمد لئیق خان کے شکریہ پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔