گمراہ کن پروپگنڈہ کے ذریعہ سچائی کو شکست دینا ممکن نہیں : ڈاکٹر شراون

   

کیرالا انتخابی مہم میں ریونت ریڈی کے بیانات کی مذمت، عوام کو گمراہ کرنے کا الزام

حیدرآباد ۔8 ۔ اپریل (سیاست نیوز) بی آر ایس رکن قانون ساز کونسل ڈاکٹر ڈی شراون کمار نے کیرالا اسمبلی انتخابات کی مہم میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے گمراہ کن مہم کا الزام عائد کیا۔ سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ڈاکٹر شراون نے کہا کہ گمراہ کن پروپگنڈہ تیزی سے پھیل سکتا ہے لیکن سچائی کا مقابلہ نہیں کیا جاسکتا۔ کیرالا کے عوام چیف منسٹر ریونت ریڈی کے گمراہ کن پروپگنڈہ سے متاثر نہیں ہوں گے ۔ سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے ریونت ریڈی نے پی وجین کی حکومت کو نشانہ بنایا اور تلنگانہ حکومت کے کارنامے پیش کئے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ کو بلند آواز میں پیش کرنے سے سچائی کو دبایا نہیں جاسکتا۔ کیرالا کی ترقی صرف پبلسٹی کا حصہ نہیں ہے بلکہ کیرالا میں عوام کے خون پسینہ اور محنت کے نتیجہ میں انسانی وسائل کو ترقی ہوئی ہے ۔ گزشتہ کئی دہوں سے کیرالا ملک کی دیگر ریاستوں کے لئے رول ماڈل بن چکا ہے۔ ڈاکٹر شراون نے کہا کہ ریونت ریڈی کا سیاسی مقام کے سی آر اور پی وجین جیسی عظیم شخصیتوں کے مقابلہ انتہائی کم ہے۔ کے سی آر نے کئی دہوں کی جدوجہد کے ذریعہ نہ صرف تلنگانہ ریاست حاصل کی بلکہ عوام کی خواہشات اور امیدوں کے مطابق ترقی دیتے ہوئے ریاست کو ملک کیلئے رول ماڈل بنادیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کیرالا اور تلنگانہ کی ترقی جو پی وجین اور کے سی آر کے دور میں ہوئی ہے ، اسے عارضی شہرت پسندی کے ذریعہ نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر نے کیرالا کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے بائیں بازو اتحاد کی حکومت کو نشانہ بنایا تھا جس کے جواب میں پی وجین نے ریونت ریڈی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے حقائق کو فراموش کرنے کی شکایت کی۔1/K