گن پارک پر کانگریس قائدین کا خاموش احتجاج

   

کسانوں اور بیروزگار نوجوانوں سے خودکشیاں نہ کرنے کی اپیل
حیدرآباد ۔ 29 جنوری (سیاست نیوز) حکومت کے عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف گن پارک یادگار شہیداں پر کانگریس قائدین نے خاموش احتجاج کرتے ہوئے کسانوں اور طلبہ سے خودکشیاں نہ کرنے کی اپیل کی۔ اس احتجاج میں سابق صدور پردیش کانگریس کمیٹی وی ہنمنت راؤ، پنالہ لکشمیا، کسان سیل کے قومی نائب صدر ایم کودنڈا ریڈی، سابق وزیر ایس چندرشیکھر کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے۔ تمام احتجاجی قائدین ہاتھوں میں پلے کارڈس تھام کر بیروزگار نوجوانوں اور کسانوں سے خودکشی نہ کرنے کی اپیل کررہے تھے۔ احتجاجی دھرنا شروع ہونے سے قبل کانگریس کے سینئر قائد وی ہنمنت راؤ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ حکومت کسانوں کے قرض معاف کرنے کے علاوہ حالیہ غیرموسمی بارش سے جو فصلیں تباہ ہوئی ہیں اس کا معاوضہ ادا کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ہے جس کی وجہ سے قرضوں میں مبتلا کسان مایوس ہوکر خودکشی کررہے ہیں۔ اس طرح روزگار فراہم کرنے میں بھی تلنگانہ حکومت پوری طرح ناکام ہوگئی۔ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے اور طویل عرصہ تک انتظار کرنے کے باوجود ملازمتوں کی فراہمی کیلئے نوٹیفکیشن جاری کرنے پر دلبرداشتہ ہوکر خودکشیاں کررہے ہیں۔ کسانوں اور بیروزگار نوجوانوں کو خودکشیاں نہ کرنے کا پیغام دینے اور حکومت کو ان کے مسائل سے واقف کرانے کیلئے خاموش احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ن