سری نگر۔ یکم اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام ) جموں وکشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں 28 ستمبر کو شروع ہونے والے جنگجو مخالف آپریشن میں مزید ایک جنگجو مارا گیا ہے جس کے ساتھ ہی اب تک جاں بحق ہونے والے جنگجوئوں کی تعداد بڑھ کر 2 ہوگئی ہے ۔پولیس کے مطابق مہلوک جنگجو پاکستانی ہیں جن کے متعلق مزید تفصیلات اکٹھا کی جارہی ہیں۔کشمیر زون پولیس کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا گیا: ‘ گاندربل انکوانٹر اپڈیٹ۔ ایک اور پاکستانی دہشت گرد مارا گیا۔ اب تک دو پاکستانی دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ شناخت اور تنظیمی وابستگی معلوم کی جارہی ہے ۔ سرچ آپریشن جاری ہے ‘۔سرکاری ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ضلع گاندربل کے جنگلی علاقہ ترکھال میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج اور ریاستی پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ نے مذکورہ علاقہ میں 28 ستمبر کو جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا تھا جس کے ابتدائی مرحلے میں ایک جنگجو مارا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ علاقہ میں موجود دیگر جنگجوئوں کے خلاف آپریشن جاری رکھا گیا اور منگل کی صبح ایک اور جنگجو مارا گیا۔ آپریشن کے دوران مارے گئے دونوں جنگجو پاکستانی ہیں۔سرکاری ذرائع نے مزید کہا کہ علاقہ میں تلاشی آپریشن جاری ہے اور تصادم کے حوالے سے پولیس اور فوج کی طرف سے تفصیلی پریس بیان جاری ہوگا۔