یلاریڈی۔ منڈل پریشد گندھاری کا صدر شریمتی رادھا کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں گرما گرم بحث رہی۔ عہدیداروں کے رویہ پر منڈل پریشد ارکان نے برہمی کا اظہار کیا۔ ارکان نے محکمہ جنگلات ایف آر او شریمتی انورادھا پر کسانوں اور غریب عوام کو تنگ کرنے کا الزام لگایا۔ منڈل گندھاری کے حدود والے مختلف مواضعات ، تانڈوں میں زمانہ قدیم سے کاشت کی جارہی اراضیات پر جنگلات کے عہدیدار محکمہ کی بتائی ہوئی فصلوں کو تیار کرنااور کسانوں پر مقدمات درج کرنے کا منڈل پریشد ارکان نے الزام لگاتے ہوئے شدید برہمی کا اظہارکیا۔ کسانوں کی تائید کرنے والے سرپنچوں، عوامی نمائندوں پر بھی ایف آر او مقدمات درج کرنے کا انتباہ دینے کا الزام لگایا گیا۔ میڈی پلی گرام پنچایت حدود والے ایک تانڈے میں گھر کے پاس رکھے ہوئے پائپ کو جے سی بی سے توڑ دیا گیا ۔ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو اس ظلم و زیادتی سے تانڈے کی غریب عوام میں شدید برہمی پائی جاتی ہے۔ ارکان نے رکن اسمبلی مسٹر سریندر سے مشن بھگیرتا کے آب اور محکمہ جنگلات کی زیادتیوں کے بارے میں واقف کروایا جس پر مہمان خصوصی کے طور پر اجلاس میں شرکت کرنے والے رکن اسمبلی نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایف آر او کو اپنا رویہ بدلنے کا مشورہ دیا اور درپیش مسائل کو سنجیدگی کے ساتھ حل کرنے کو کہا۔ کسانوں اور عوام کو ہراساں نہ کرنے کے احکام دیئے اور کہا کہ عہدیداروں کا کام مسائل پیدا کرنا نہیں بلکہ مسائل حل کرنا ہے۔ اس اجلاس میں پریشد ارکان ،مختلف پنچایتوں کے عہدیدار موجود تھے۔