حیدرآباد ۔ 7 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : مئیر گدوال وجئے لکشمی نے کل یہاں کہا کہ 19 ستمبر سے گنیش فیسٹیول تقاریب کے لیے معقول انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے جی ایچ ایم سی ہیڈ آفس پر اس فیسٹیول کے انعقاد اور مورتیوں کے وسرجن پر ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کی ۔ مئیر نے کہا کہ شہر میں گنیش نوراتری فیسٹیول کے بہتر انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے جارہے ہیں ۔ اس سلسلہ میں بھاگیہ نگر گنیش اتسو کمیٹی کی تجاویز پر غور کیا جائے گا ۔ وجئے لکشمی نے کہا کہ سڑکوں پر رکاوٹ ، صحت و صفائی ، عوامی ٹائیلٹس ، درختوں کی کٹوائی ، ہیلت کیمپس ، بوٹس ، سوئمرس ، برقی سربراہی ، اسٹریٹ لائٹس ، گڑھوں کو بھرنے ، آتش فرو آلات ، سڑکوں کی مرمت ، پینے کے پانی کی سربراہی کے لیے انتظامات کئے جائیں گے ۔ گذشتہ سال کے مقابل موبائیل کرینس کی تعداد میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گنیش چتورتھی کو ایک موافق ماحولیات انداز میں منانے کے لیے جی ایچ ایم سی نے شہر میں 3.10 لاکھ مٹی کی مورتیاں مفت تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔۔