مرکزی وزیر صحت کو خود کوئی کارنامہ انجام دینے کا مشورہ
نئی دہلی ۔19 اکتوبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کی قائد پرینکا گاندھی نے ہفتہ کے دن مرکزی وزیر پیوش گوئل کو ان کے اس بیان پر خوب لتھاڑا جس میں اُنھوں نے نوبل انعام یافتہ ابھیجیت بنرجی پر طنز کرتے ہوئے کہاتھا کہ حکومت کا کام گرتی ہوئی معیشت کی حالت کو بہتر بنانا ہے۔ ’’مسخروں کی سرکس‘‘ چلانا نہیں ۔ گوئل نے جمعہ کے دن کہاکہ بنرجی نے ’’اقل ترین آمدنی والوں کے لئے پیش کردہ ’نیائے اسکیم ‘ کی تائید کی تھی جسے ہندوستانی رائے دہندوں نے مسترد کردیا اور وہ کچھ سونچتے ہیں اسے قبول کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ ‘‘ لوک سبھا انتخابات کے وقت کانگریس کے انتخابی منشور میں یہ اسکیم شامل تھی ۔ وزیر صنعت و تجارت گوئل نے پونا میں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے بنرجی کو ’بائیں بازو ‘کی طرف جھکاؤ رکھنے والے ماہر معاشیات قرار دیا تھا ۔ پرینکا گاندھی نے گوئل کے اس بیان پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہاکہ خود کوئی کام تو نہیں کرتے لیکن دوسروں کے کارناموں کو جھٹلانے کی کوشش کرتے ہیں۔ انھوں نے ہندی زبان کے اپنے ایک ٹوئیٹ میں بتایا کہ بنرجی نے ایمانداری کے ساتھ سخت محنت کرکے نوبل انعام حاصل کیا ہے ۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا نے کہاکہ ’’آپ کا کام گرتی ہوئی معیشت کی حالت کو بہتر بنانا ہے مسخروں کے سرکس کو چلانا نہیں ‘‘ ۔