میامی۔ بغیر ٹکٹ سفر کرنے والا گوئٹے مالا کا شہری امریکی ایئر لائنز کے طیارہ کے لینڈنگ گیئر میں چھپ کر امریکہ کے شہر میامی پہنچ گیا۔ گوئٹے مالا کا مذکورہ شہری ڈھائی گھنٹے کی پرواز کے دوران محفوظ رہا۔ طیارے کی لینڈنگ کے بعد گوئٹے مالا کے شہری کو امریکی امیگریشن حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے، واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ امریکی کسٹم اینڈ بارڈر پروٹیکشن ایجنسی نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکام نے میامی کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر 26 سالہ شخص کو پکڑا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ شخص طیارے کے لینڈنگ گیئر کے حصے میں چھپ کر گوئٹے مالا سے یہاں پہنچا ہے۔ امریکی ایئر لائن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گوئٹے مالا سے میامی کے لیے اس کی پرواز کو سیکیورٹی کے مسئلے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔