ترنمول کانگریس اور عام آدمی پارٹی پر چدمبرم کا الزام
نئی دہلی : کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے گوا اسمبلی انتخابات میں اصل مقابلہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور ان کی پارٹی کے درمیان ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے پیر کو کہا کہ دہلی کے وزیراعلی اروند کجریوال نے ان کے اس اندازے کی تصدیق کردی ہے کہ عام آدمی پارٹی (عآپ ) اور ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) صرف غیر بی جے پی ووٹوں کو تقسیم کریں گے۔عآپ کنوینر کجریوال نے چدمبرم پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ چدمبرم کو رونا بند کرنا چاہئے کیونکہ کانگریس کو ووٹ دینے کا مطلب ہے بی جے پی کو ووٹ دینا اور گوا کے لوگ اس جگہ ووٹ دیں گے جہاں اُنہیں امید ہے۔ایک دن پہلے کجریوال نے کہا تھا کہ ان کی پارٹی مخلوط حکومت کا حصہ بننے کے لیے تیار ہے، اگر گوا میں 14 فروری کو ہونے والے اسمبلی انتخابات میں معلق رائے حاصل ہوتی ہے ۔گوا اسمبلی انتخابات کے لیے کانگریس کے سینئر انتخابی مبصر چدمبرم نے گوا کے ووٹروں سے حکمرانی میں تبدیلی کے لیے اپنا ووٹ ڈالنے اور کانگریس کو منتخب کرنے کی اپیل کی۔میرا اندازہ ہے کہ عآپ اور ٹی ایم سی گوا میں صرف غیر بی جے پی ووٹوں کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیں گے۔ اروند کجریوال نے تصدیق کی ہے کہ گوا میں مقابلہ کانگریس اور بی جے پی کے درمیان ہے۔ ٹویٹس کی ایک سیریز میں چدمبرم نے کہاکہ جو لوگ (10 سال کی بدانتظامی کے بعد) حکمرانی کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں وہ کانگریس کو ووٹ دیں گے۔ جو لوگ اسی حکومت کو جاری رکھنا چاہتے ہیں وہ بی جے پی کو ووٹ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ گوا میں ووٹروں کے سامنے آپشن واضح ہے۔ کانگریس لیڈر نے پوچھا کہ آپ لوگ حکمرانی میں تبدیلی چاہتے ہیں یا نہیں؟۔چدمبرم نے کہاکہ میں گوا کے ووٹروں سے حکومت کو بدلنے اور کانگریس کو ووٹ دینے کی اپیل کرتا ہوں۔
