گوتم اڈانی سے جگن موہن ریڈی کو 1750 کروڑ کی رشوت: وائی ایس شرمیلا

   

جامع تحقیقات کا مطالبہ، سی بی آئی اور ای ڈی کی خاموشی پر تنقید
حیدرآباد ۔22۔نومبر (سیاست نیوز) ہندوستان میں سولار انرجی کے پلانٹس کے سلسلہ میں کنٹراکٹ حاصل کرنے صنعت کار اڈانی کی جانب سے سابق چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو 1750 کروڑ کی رشوت معاملہ میں صدر آندھراپردیش کانگریس کمیٹی وائی ایس شرمیلا نے جامع تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ امریکی ادارہ نے اس بات کا انکشاف کیا کہ گوتم اڈانی نے ہندوستان میں سولار انرجی کنٹراکٹ حاصل کرنے کیلئے ہندوستانی عہدیداروں کو 2100 کروڑ کی رشوت دی ہے۔ اس معاملہ میں جگن موہن ریڈی پر 1750 کروڑ حاصل کرنے کا الزام ہے۔ جگن کی بہن اور آندھراپردیش کانگریس کمیٹی کی صدر وائی ایس شرمیلا نے جگن کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی اداروں کی رپورٹ میں جگن موہن ریڈی کی جانب سے رقم قبول کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اڈانی اور جگن نے دنیا بھر میں ہندوستان کے وقار کو مجروح کردیا ہے۔ وائی ایس شرمیلا نے کہا کہ امریکی اداروں نے گوتم اڈانی اور بعض دیگر افراد کی نشاندہی کی ہے۔ اڈانی نے ہندوستانی اداروں کے ساتھ بعض معاہدات کئے ہیں۔ معاہدات کے تحت بعض ریاستوں کے چیف منسٹرس کی جانب سے رشوت حاصل کرنے کا الزام ہے۔ جملہ 2100 کروڑ کی رشوت میں جگن موہن ریڈی کو 1750 کروڑ کی ادائیگی کا الزام ہے۔ امریکی اداروں کے مطابق اقتدار کے سبب مقدمات درج نہیں کئے گئے تھے۔ وائی ایس شرمیلا نے گوتم اڈانی کے خلاف تحقیقات کرتے ہوئے حقائق منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ رشوت کے لئے جگن موہن ریڈی نے آندھراپردیش کو اپنی جاگیر کے طورپر استعمال کیا ہے۔ برقی معاہدات کے نام پر 1750 کروڑ کی رشوت معاملہ کی جانچ ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک معاملہ میں جگن کو 1750 کروڑ حاصل ہوئے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ آندھراپردیش میں کس قدر بدعنوانیاں کی گئیں۔ اگست 2021 میں آندھراپردیش میں برسر اقتدار پارٹی قائدین کو رشوت ادا کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ شرمیلا نے کہا کہ ملک کے وقار کو مجروح ہوتا دیکھ کر سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ جیسے اداروں کی خاموشی باعث حیرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ رشوت ستانی معاملہ کی مکمل جانچ کی جائے اور عوام کو حقائق سے واقف کرایا جائے۔ وائی ایس شرمیلا نے الزام عائد کیا کہ جگن موہن ریڈی نے گوتم اڈانی کیلئے ہندوستان میں کئی کنٹراکٹس کی تکمیل میں تعاون کیا ہے ۔ 1