گوتم اڈانی کی موہن چرن ماجھی سے ملاقات

   

بھونیشور، 29 جون (یواین آئی) اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی نے اڈیشہ کے وزیراعلیٰ موہن چرن ماجھی سے ملاقات کر کے ریاست میں صنعتی ترقی، سبز اور قابل تجدید توانائی کی پیداوار اور کوئلہ گیسیفیکیشن پلانٹس کے قیام پر تبادلہ خیال کیا۔مسٹراڈانی نے اپنے خاندان کے ساتھ پوری میں شری جگن ناتھ مندر میں درشن کیے ۔ اس کے بعد انہوں نے بھونیشور میں ہفتہ کی رات وزیراعلیٰ سے رسمی ملاقات کی۔ اجلاس میں اوڈیشہ میں صنعتی ترقی کو تیز کرنے ، سبز توانائی کو فروغ دینے اور کوئلہ گیسیفیکیشن پروجیکٹس کے امکانات پر بات چیت ہوئی۔اتکرش اوڈیشہ-میک ان اوڈیشہ کانکلیو کے کامیاب انعقاد کے بعد ریاستی حکومت کے ذریعہ ترقیاتی کاموں میں تیزی آئی ہے ۔ اسی سلسلے میں اڈانی گروپ کے ساتھ گوپال پور پورٹ کی ترقی کے لیے معاہدہ کیا گیا ہے ۔ اس پروجیکٹ کی لاگت 16,554 کروڑ روپے ہے ۔ اس سے پورٹ کی گنجائش پانچ کروڑ میٹرک ٹن تک بڑھے گی اور تقریباً پانچ ہزار افراد کو روزگار ملے گا۔اس موقع پر چیف سیکریٹری منوج آہوجا اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری (صنعت) ہیمنت شرما بھی موجود تھے ۔